گولڈ کوسٹ، 11 اپریل (یو این آئی ) ہندستان نے غضب کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کی مضبوط ٹیم کو انتہائی دلچسپ مقابلے میں بدھ کو 4۔3 سے شکست دے کر 21 ویں دولت مشترکہ کھیلوں کے مرد ہاکی مقابلہ کے پول بی میں سرفہرست مقام حاصل کر لیا۔ ہندستان کی چار میچوں میں یہ تیسری جیت رہی اور وہ 10 پوائنٹس کے ساتھ پول بی کی ٹیبل میں سب سے اوپر رہا۔انگلینڈ چار میچوں میں سات پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ دونوں ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔ گذشتہ دو مرتبہ کے رنر اپ ہندستان کا سیمی فائنل میں پول اے کی دوسرے نمبر کی ٹیم نیوزی لینڈ سے مقابلہ ہوگا جبکہ انگلینڈ کا پول اے کی نمبر ایک ٹیم اور گزشتہ پانچ بار کی چمپئن آسٹریلیا سے مقابلہ ہوگا۔ ہندستان کو آسٹریلیا سے سیمی فائنل میں مقابلہ کرنے سے بچنے کیلئے انگلینڈ کو ہر حال میں ہرانا تھا اور من پریت سنگھ کی سینا نے یہ کامیابی حاصل کر لی۔ہندستانی مرد ٹیم تو سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے مقابلہ کرنے سے بچ گئی لیکن ہندستانی خاتون ٹیم کا جمعرات کو سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے مقابلہ ہوگا۔مرد سیمی فائنل 13 اپریل کو کھیلے جائیں گے ۔ ہندستان کے لیے کپتان من پریت سنگھ نے 33 ویں، روپندر پال سنگھ نے 51 ویں، ورون کمار نے 59 ویں اور مندیپ سنگھ نے 60 ویں اور آخری منٹ میں گول کئے ۔ ہندستان اور انگلینڈ کے مقابلے کے لیے اگر ٹورنامنٹ کا بہترین مقابلہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔ دونوں ٹیموں نے میچ میں فتح حاصل کرنے کے لئے اپنا سب کچھ جھونک دیا۔آخری کوارٹر فائنل تو بہت ہی زبردست رہا اور برتری ایک پالے سے دوسرے پالے پہنچتی رہی۔ ہندستان کے فاتح گول کے بعد انگلینڈ نے آخری سکنڈ میں ہندستانی صفوں میں گھس کر پنالٹی کارنر کے لیے ریفرل تک مانگ ڈالا لیکن ریفری نے انگلش کھلاڑیوں کی مانگ کو مسترد کر دیا۔ ہندستان ایک شاندار فاتح کے طور پر اس میچ سے باہر نکلا۔ اور اب وہ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے چیلنج کو منہدم کر فائنل میں جگہ بنانے کے ارادے سے اترے گا۔ دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستانی ٹیم کو دہلی 2010 میں آسٹریلیا سے فائنل میں 0۔8 سے اور گلاسگو 2014 میں 0۔4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ہندستان ہر حال میں آسٹریلیا سے سیمی فائنل میں مقابلہ سے بچنا چاہتا ہے ۔عالمی چمپئن آسٹریلیا مسلسل چھٹی بار دولت مشترکہ کھیلوں میں خطاب کی تلاش میں ہے ۔ میچ کافی دلچسپ رہا اور پہلے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول نہیں کر پائی۔انگلینڈ نے 17 ویں منٹ میں ڈیوڈ کوڈون کے میدانی گول سے برتری بنائی۔انگلینڈ نے اس برتری کو آدھے وقت تک برقرار رکھا۔ہندستان نے کافی کوششیں کیں لیکن اسے کامیابی ہاتھ نہیں لگی۔آخر کپتان من پریت نے 33 ویں منٹ میں بہترین گول کر ہندستان کو برابری دلا دی۔ پہلے تین کوارٹر تک اسکور 1۔1 سے برابر تھا۔آخری 10 منٹ میں دلچسپ کھیل ہوا اور اس دوران دونوں ٹیموں نے پانچ گول داغے ۔
ہندستان کو 51 ویں منٹ میں روپندر نے پنالٹی کارنر پر گول کربرتری دلا دی۔انگلینڈ نے جوابی حملے کئے اور 52 ویں اور 56 ویں منٹ میں گول کر برتری حاصل کر لی۔انگلینڈ کے لیے دوسرا گول لیام ایسل نے اور تیسرا گول سیم وارڈ نے کیا۔ جب لگ رہا تھا کہ مقابلہ ہاتھ سے نکل جائے گا کہ تبھی 59 ویں منٹ میں ملے پنالٹی کارنر پر ورون نے برابری کا گول داغ دیا۔ہندستان نے انگلینڈ پر دبا¶ بنائے رکھا اور مندیپ سنگھ نے ڈی کے باہر سے ملے پاس کو ڈفلیکٹ کر گول میں پہنچا دیا۔ری پلے دیکھنے کے بعد یہ صاف تھا کہ گیند مندیپ کی اسٹک سے ڈفلیکٹ ہوکر گول میں گئی ہے ۔ آخری منٹ میں ہندستانی کھلاڑی گیند کو اپنے گول سے باہر کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے تھے ۔انگلینڈ نے آخری کوشش کی اور گیند ہندستانی ڈی میں پہنچا کر ریفرل مانگ لیا جسے مسترد کر دیا گیا اور ہندستان نے دلچسپ میچ جیت لیا۔ خاتون ٹیم کی جنگ آسٹریلیا سے ۔ ہندستانی خاتون ٹیم جمعرات کو ہونے والے سیمی فائنل میں دنیا کی پانچویں نمبر کی ٹیم اور میزبان آسٹریلیا سے کھیلے گی۔ہندستان کو فائنل میں پہنچنے کے لیے یہ مقابلہ جیتنا ضروری تھا ۔ ہندستان اپنے پول میں دوسرے نمبر پر رہا جس سے اسے سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے کھیلنا پڑ رہا ہے ۔ کپتان رانی اور کوچ ھریندر سنگھ نے اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ ٹیم آسٹریلیا کی ساکھ سے متاثر ہوئے بغیر اپنی بہترین کارکردگی کرے گی۔یہ میچ ہندستانی وقت کے مطابق شام 4.45 بجے کھیلا جائے گا۔
بھارت،انگلینڈ کو ہرا کر سیمی فائنل میں ،نیوزی لینڈ سے ٹکر
