گولڈ کوسٹ، 08 اپریل (یو این آئی ) ہندستانی خاتون کھلاڑیوں نوجوان شوٹر مانو بھاکر، ویٹ لفٹر پونم یادو اور خاتون ٹیبل ٹینس ٹیم نے زبردست مظاہرہ کرتے ہوئے 21 ویں دولت مشترکہ کھیلوں کے چوتھے دن اتوار کو ہندستان کی جھولی میں تین طلائی تمغہ ڈال دیئے ۔ ہندستان نے اس کے علاوہ ایک چاندی اور دو کانسی کے تمغے بھی جیتے ۔ہندستان ابھی میڈل ٹیبل میں سات طلائی، دو چاندی اور تین کانسی سمیت 12 تمغے جیت کر میڈل ٹیبل میں چوتھے مقام پر پہنچ گیا ہے ۔ ہندستانی خواتین بیڈمنٹن ٹیم مکسڈ ٹیم مقابلے کے فائنل میں پہنچ گئی ہے ۔ ہندستان کے مرد اور خواتین ہاکی ٹیموں نے اپنے اپنے مقابلے جیت کر سیمی فائنل کی توقعات کو مضبوط کر لیا۔پانچ بار کی عالمی چمپئن اور اولمپک میڈلسٹ خاتون باکسر ایم سی میری کوم نے سیمی فائنل میں پہنچ کر اپنا پہلا دولت مشترکہ تمغہ پکا کر لیا ہے ۔ہندستانی شوٹنگ کی نئی سنسنی 16 سال کی مانوبھاکر نے کرشمائی مظاہرہ کرتے ہوئے 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں طلائی تمغہ جیت لیا جبکہ تجربہ کار شوٹر حنا سدھو نے اس مقابلے میں چاندی اور روی کمار نے مردوں کی 10 میٹر ایئر رائفل مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتا۔ثانیہ شیخ خاتون اسکیٹ مقابلے میں چوتھے نمبر پر رہیں۔ ہندستان کی پونم یادو نے ویٹ لفٹنگ کی سنہری مہم کو جاری رکھا اور خواتین کے 69 کلوگرام وزن کے زمرے میں ملک کو طلائی تمغہ دلا دیا جبکہ وکاس ٹھاکر نے مردوں کے 94 کلوگرام وزن کے زمرے میں کانسی کا تمغہ جیتا لیکن سیما 75 کلوگرام میں چھٹے مقام پر رہ گئیں ۔ مونیکا بترا کے زبردست کھیل سے ہندستانی خاتون ٹیبل ٹینس ٹیم نے تاریخی مظاہرہ کرتے ہوئے مضبوط سنگاپور کو 3۔1 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا۔ہندستانی ٹیم نے ایک ہی دن میں اپنے سیمی فائنل اور فائنل مقابلے جیت کر پہلی بار ٹیم مقابلے کا طلائی تمغہ جیت لیا۔ ہندستان نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 3۔0 سے اور فائنل میں سنگاپور کو 3۔1 سے شکست دی۔ مرد ہاکی میں ایس وی سنیل کے 59 ویں منٹ میں کئے گئے فیصلہ کن گول کی مدد سے گذشتہ مرتبہ کے رنر اپ ہندوستان نے ویلز کے سخت چیلنج پر 4۔3 سے قابو پاتے ہوئے 21 ویں دولت مشترکہ کھیلوں کے مرد ہاکی مقابلے میں اتوار کو پہلی جیت درج کی۔ خواتین ہاکی ٹیم نے غضب کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کی نمبر دو ٹیم اور اولمپک چمپئن انگلینڈ کو 2۔1 سے شکست دے کر تین میچوں میں اپنی دوسری جیت درج کی اور سیمی فائنل کی اپنی امیدیں برقرار رکھیں۔ ہندستانی بیڈمنٹن ٹیم نے اپنی فتوحات کو آگے بڑھاتے ہوئے سنگاپور کو 3۔1 سے شکست دے کر مکسڈ ٹیم بیڈمنٹن مقابلے کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔ ہندستان کا فائنل میں گزشتہ چمپئن ملائیشیا سے پیر کو مقابلہ ہوگا۔دنیا کے دوسرے نمبر کے مرد کھلاڑی کندامب¸ سری کانت اور خواتین کے سنگلز میں سائنا نہوال نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ پانچ بار کی عالمی چمپئن، اولمپک میڈلسٹ اور ایشیائی چمپئن خاتون باکسر ایم سی میری کوم نے 45۔48 کلوگرام کلاس کے سیمی فائنل میں پہنچ کر اپنا پہلا دولت مشترکہ گیمز میڈل پکا کر لیا ہے ۔75 کلوگرام کلاس میں ہندستان کے وکاس کرشنن کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔
بھارت کا ”گولڈن سنڈ ے“، 3گولڈمیڈل کیا اپنے نام
