سماج میں اتحاد اور آپسی بھائی چارہ قائم رکھنا ضروری:نتیش

پٹنہ 21 اپریل (پرمود کمارپاٹھک): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج تارا منڈل میں منعقد بہار سنوادی پروگرام کا شمع روشن کر کے افتتاح کیا۔ بعد میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے منتظمین کو اس پروگرام کے انعقاد کیلئے مبارکباد پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام کی حوصلہ افزائی ہمارا مقصد ہے۔ حکومت کی طرف سے لٹریچر اور کلچرل فیسٹیول کا انعقاد کیا جاتا رہاہے۔ بہار علم کا مرکز رہا ہے۔ بہار کا نام ویہار پر پڑا ہے۔ یہاں کا ماحول کافی پرامن ہے۔ یہ مہاتما بدھ کے عرفان کی سرزمین ہے۔ بھگوان مہاویر کی جنم بھومی بھی ہے۔ یہ چانکیہ کی بھی سرزمین ہے جنہوں نے ملک کے سمراٹ کے طور پر چندر گپت کا انتخاب کیا۔ صفر کی دریافت کرنے والے آریہ بھٹ بھی یہی ہوئے۔ 350سال پہلے گرو گووند سنگھ جی مہاراج کا جنم بھی اسی جگہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں پیار، بھائی چارہ کا ماحول بنائے رکھنے کی ضرورت ہے۔ اس پروگرام میں بڑے بڑے قلم کار،اہل علم ،ادیب ،صحافی اور فلمی دنیا کے لوگ بڑے پیمانے پر مباحثے میں شامل ہورہے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ سنواد سے مثبت پیغام جائے گا اور اس گفتگو کا اچھا اثرسامنے آئے گا۔ سماجی اصلاح کے موضوعات جیسے شراب بندی، بچوں کی شادی اور جہیز جیسے موضوعات پر بحث ہو ۔ یہ پروگرام ادبی فیسٹیول کی طرح ہے، اس میں خوشی تب حاصل ہوگی جب سماج میں ٹکراﺅ اور کشیدگی ختم ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چاہے انتظامی شعبہ ہو یا تجارتی اور سیاسی ہر شعبے کے لوگوں کی ادب میں دلچسپی قابل تعریف ہے۔ ہندی کا فروغ صرف سنسکرت کی طرف نہیں بلکہ اردو کی طرف بھی ہو۔ سب کو ملاکر ہندی زبان اور مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات میں سماجی موضوعات کیلئے بھی صفحات محفوظ کئے جائیں۔ بہار میں قارئین کی اچھی خاصی تعداد ہے۔ یہاں سب سے زیادہ اخبار ورسائل فروخت ہوتے ہےں۔ یہاں کے قاری بیدار ہیں، مجھے بھی بچپن سے اخبار پڑھنے میں دلچسپی ہے اور آج بھی پڑھتا ہوں۔ اخبار کے توسط سے بہت ساری باتوں کا علم ہوتا ہے۔ نئی نسل اخبارات کے توسط سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقی کا مطلب صرف بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نہیں بلکہ سماجی ترقی ہے۔ ترقی کا مطلب انصاف کے ساتھ ترقی ، ہر علاقے کی ترقی اور ہر فرقہ وطبقے کی ترقی۔