سیاست

مالیا اور نیرو مودی کی جائیداد ضبط کرنے کیلئے بھی آرڈیننس

Written by Taasir Newspaper

نئی دہلی، 21 اپریل (یو این آئی) حکومت وجے مالیا اور نیرو مودی جیسے مفرور اقتصادی مجرموں کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں قرق کرے گی اور اس کی نیلامی کرکے سرکاری خزانے کو ہونے والے نقصان کو پورا کرے گی اور مجرم کو کسی بھی عدالت میں دفاع کا راستہ نہیں ملے گا۔وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں یہاں ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں مفرور اقتصادی مجرموں کی جائیداد قرق کرنے یا ضبط کرنے سے متعلق قانون کے لئے آر ڈی ننس لانے کو منظوری دی گئی۔ اس کے تحت مفرور ملزمین کسی سول عدالت میں اپنا دفاع بھی نہیں کرسکیں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ اس آرڈی ننس سے سرکاری ایجنسیوں کو مفرور اقتصادی مجرموں کی جائیداد قرق یا ضبط کرنے کا اختیار مل جائے گا۔ آرڈی ننس میں ایک خصوصی عدالت کا التزام شامل ہے ۔کسی کو مفرور اقتصادی مجرم قرار دینے کاحق اس خصوصی عدالت کے پاس ہوگا۔ اس کے بعد مجرم کی نجی جائیداد یا غلط طریقے سے کمائی گئی جائیداد کو ضبط کیا جاسکے گا۔ ضبطی کے بعد ایک ایڈمنسٹریٹر کی تقرری کی جائے گی جو ضبط یا قرق جائیداد کا نظم دیکھے گا اور اس کی نیلامی کرسکے گا۔

About the author

Taasir Newspaper