مونٹی کارلو، 22 اپریل (یو این آئی ) کلے کورٹ کے بے تاج بادشاہ اسپین کے رافیل نڈال اور جاپان کے کائی نشیکوری کے درمیان مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ کا خطابی مقابلہ کھیلا جائے گا۔اس مقابلے سے اس باوقار ٹورنامنٹ کو اپنا 112 واں چمپئن ملے گا۔نڈال اس ٹورنامنٹ میں اپنے 11 ویں خطاب کے لئے اتریں گے جبکہ نشیکوری اس خطاب کو جیتنے والا پہلا ایشیائی کھلاڑی بننا چاہتے ہیں۔ نڈال نے اپنی بے رحم کارکردگی جاری رکھتے ہوئے بلغاریہ کے گریگور دمتروو کو سیمی فائنل میں 6۔4، 6۔1 سے ہرا دیا۔نڈال کی بے رحم کارکردگی کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے اس ہفتے چار میچوں میں صرف 16 گیم گنوائے ہیں۔ مونٹی کارلو کا دوسرا سیمی فائنل تیسری سیڈ جرمنی کے الیگزینڈر جویریو اور جاپان کے کائی نشکور¸ کے درمیان کھیلا گیا اور جاپانی کھلاڑی نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے 3۔6، 6۔3، 6۔4 سے شکست دی۔ نڈال اور نشیکوری کے درمیان یہ 12 واں کیریئر مقابلہ ہوگا۔نڈال کو نشیکوری پر 9۔2 کی برتری حاصل ہے ۔نڈال کو نمبر ایک رینکنگ پر اپنی گرفت برقرار رکھنے کے لئے فائنل ہر حال میں جیتنا ہوگا۔اگر وہ فائنل ہارتے ہیں تو وہ اپنا نمبر ایک مقام راجر فیڈرر کو گنوا دیں گے جو انہوں نے اس ماہ کے شروع میں حاصل کیا تھا۔ نڈال اگر فائنل جیت جاتے ہیں تو وہ اے ٹی پی ورلڈ ٹور ماسٹرز 1000 ٹائٹل جیتنے کی صورت میں سربیا کے نوواک جوکووچ کو پیچھے چھوڑ دیں گے ۔دونوں فی الحال 30 خطاب جیت کر ایک برابر ہیں۔
نڈال اور نشیکوری میں خطابی مقابلہ ہوگا
