لاہور ، 19 اپریل (یو این آئی ) ماضی کے عظیم پاکستانی بلے باز ظہیر عباس نے کہا ہے کہ انگلش کنڈیشن بیٹنگ کے لئے مشکل ضرور ہیں تاہم پاکستان کی نوجوان ٹیم انگلینڈ کو اس کے میدان میں ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے جس کے لئے پاکستانی بلے بازوں کو غیر معمولی بیٹنگ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ ظہیر عباس نے 1971میں انگلینڈ کے پہلے ہی دورے میں ایجبسٹن کے گرا¶نڈ میں274 رنز بناکر ماہرین کو حیران کردیا تھا۔ اسی اننگز کو بنا ءپر انہیں ایشین بریڈ مین کا خطاب دیا گیا۔ظہیر عباس نے 1974کے اوول ٹیسٹ میں240رنز بناکر ایک بار پھر شہ سرخیوں میں جگہ بنائی۔ گلوسٹر شائر کا¶نٹی کے لئے کھیلتے ہوئے ظہیر عباس نے رنز کے ڈھیر لگا دیئے ۔ سابق کپتان نے کہا کہ نئے بلے بازوں کو انگلش کنڈیشن میں ایڈجسٹ کرنے میں مشکل پیش آتی ہے ۔ انگلینڈ میں جو کھلاڑی کارکردگی دکھائے گا اسے راتوں رات شہرت مل جائے گی۔ اس لئے نوجوا ن کھلاڑیوں کے لئے اچھا موقع ہے کہ وہ کارکردگی دکھا کر شہرت کی بلندیوں کو چھو لیں۔ انگلش کنڈیشن میں کھیلنا مشکل ہے لیکن ناممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انگلش کرکٹر اپنی کنڈیشن کو جانتے ہیں اس لئے انہیں اپنی کنڈیشن میں کھیلنے کا ایڈوانٹیج ہے ۔ نوجوان کھلاڑیوں کو یہاں ایڈجسٹ کرنے میں دیر لگ سکتی ہے جب ہم انگلینڈ میں کھیلنے جاتے تھے اس وقت ٹیسٹ میچوں سے قبل پانچ چھ سائیڈ میچ ہوتے تھے لیکن اب سائیڈ میچ کم ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیزن کے آغاز میں آئر لینڈ میں سردی ہوگی۔ وہاں بارشیں بھی بہت ہوتی ہیں۔ ظہیر عباس واحد پاکستانی بلے باز ہیں جنہیں فرسٹ کلاس کرکٹ میں 108سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے ۔ ان میں سے زیادہ تر سنچریاں انہوں نے انگلینڈ میں کا¶نٹی کرکٹ کھیلتے ہوئے بنائیں۔70سالہ ظہیر عباس آئی سی سی کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ¿ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے لیے پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کیا ہے جس میں پانچ کھلاڑی ایسے ہیں جو پہلی بار ٹیسٹ میں ملک کی نمائندگی کریں گے ۔ پاکستان ٹیم آئرلینڈ کے خلاف ایک ٹیسٹ اور انگلینڈ کے خلاف 24 مئی اور یکم جون کو دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی ۔ اس 16 رکنی ٹیم میں زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے اور سلیکٹرز نے بظاہر بیٹنگ لائن اپ کو زیادہ مضبوط کرنے کی کوشش کی ہے ۔ نوجوان کھلاڑیوں میں فخر زمان، امام الحق، سعد علی، عثمان صلاح الدین اور فہیم اشرف پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔
پاکستان کی نوجوان ٹیم انگلینڈ کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے : ظہیر عباس
