آئی پی ایل میں وراٹ سے آگے نکلے رینا

نئی دہلی، 23 اپریل (یو این آئی ) آئی پی ایل میں سب سے زیادہ رن بنانے کے معاملے میں ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی اور بائیں ہاتھ کے بلے باز سریش رینا کے درمیان سانپ سیڑھی کا کھیل چل رہا ہے ۔کبھی وراٹ آگے نکلتے ہیں تو کبھی رینا ان سے آگے نکلتے ہیں۔ رینا چوٹ کی وجہ سے جب ٹورنامنٹ میں دو میچ مسلسل نہیں کھیل پائے تھے تو اس وقت وراٹ نے انہیں پیچھے چھوڑ دیا تھا لیکن چنئی سپر کنگ کی جانب سے کھیل رہے رینا نے کل حیدرآباد میں سنرائزرس حیدرآباد کے خلاف ناقابل شکست 54 رنز کی اننگز کھیل کر رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان وراٹ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ رینا کے ابھی 165 میچوں میں 4658 رنز ہو گئے ہیں جس میں ایک سنچری اور 32 نصف سنچری شامل ہے ۔رینا نے اس دوران 416 چوکے اور 176 چھکے لگائے ہیں۔وراٹ معمولی فرق سے رینا سے صرف نو رن پیچھے ہیں۔وراٹ کے 154 میچوں میں 4649 رنز ہیں جن میں چار سنچری اور 32 نصف سنچری شامل ہیں۔وراٹ نے 403 چوکے لگانے کے علاوہ 167 چھکے لگائے ہیں۔ ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما بھی دوڑ میں بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے 164 میچوں میں 4345 رن بنائے ہیں جبکہ دہلی ڈئیر ڈیولس کے کپتان گوتم گمبھیر نے 4213 رن بنائے ہیں۔آئی پی ایل سے ہٹنے والے سنرائزرس حیدرآباد کے کھلاڑی آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر ٹورنامنٹ میں 4000 رن بنانے والے ایک اور کھلاڑی ہیں۔وارنر کے نام 114 میچوں میں 4014 رنز ہیں۔ کچھ دوسرے کھلاڑی ایسے بھی ہیں جو 4000 رنز کے مخصوص کلب میں جلد ہی شامل ہو سکتے ہیں۔کولکاتا کے رابن اتھپا 155 میچوں میں 3940 رنز، پنجاب کے کرس گیل 3855 رنز اور چنئی کے مہندر سنگھ دھونی 3700 رنز بنا چکے ہیں۔ حیدرآباد سے کھیل رہے یوسف پٹھان آئی پی ایل میں 3000 رن پورے کرنے سے صرف ایک رن دور ہیں جبکہ چنئی کے کھلاڑی شین واٹسن 2806 رنز بنا کر 3000 رن پورے کرنے کے قریب ہیں۔کولکتہ کے کپتان دنیش کارتک نے ٹورنامنٹ میں 3000 رن پورے کر لئے ہیں اور ان کے 158 میچوں میں 3097 رنز ہو گئے ہیں۔ آئی پی ایل کے 11 ویں ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز کے لیے اس وقت اورنج کیپ راجستھان کے سنجو سیمسن کے پاس ہے جس میں چھ میچوں میں 239 رنز بنا چکے ہیں۔وراٹ نے پانچ میچوں میں 231، حیدرآباد کے کین ولیم نے 230، پنجاب کے گیل نے 229، دہلی کے رشبھ پنت نے 223، پنجاب کے لوکیش راہل نے 213، بنگلور کے اے بی ڈی ولیرس نے 212 اور چنئی کے امباٹ¸ رائیڈو نے 201 رن بنائے ہیں۔