ملیشیا کو 2-1سے شکست دے کر ہندستان سیمی فائنل میں

گولڈ کوسٹ 10 اپریل (یو این آئی) ہندستانی مرد ہاکی ٹیم نے منگل کو پول بی کے میچ میں ملیشیا کو 1۔2 سے شکست دیتے ہوئے یہاں دولت مشترکہ کھیلوں کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے ۔ ہندستانی کپتان من پریت کی قیادت میں یہاں کوارٹر فائنل میچ میں اچھا آغاز کرتے ہوئے ٹیم کے کھلاڑی ھرمن پریت سنگھ نے تیسرے اور 44 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر سے دو فاتح گول داغے ۔ ملیشیا کے لئے فیصل ساری نے 16 ویں منٹ میں گول کرکے شکست کے اس فرق کو کم کردیا۔ ہندستان کا پول بی میں مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا جو یہ طے کرے گا کہ وہ پول میں پہلے پائدان پر رہے گا یا دوسرے نمبر پر۔ اس فتح کے بعد ہندستان فی الحال تین میچوں میں سات پوائنٹ کے ساتھ سرفہرست ہے ۔ دونوں گروپ میں سرفہرست رہنے والی دو ٹیموں کو سیمی فائنل میں جگہ ملے گی۔ ہندستان نے اپنے افتتاحی میچ میں پاکستان کے خلاف برتری کے باوجود 2۔2 سے ڈرا کھیلا تھا لیکن اس کے بعد اس نے اس غلطی کو نہیں دہرایا اور سابق اولمپک چیمپئن ویلس کے خلاف 3۔4 سے فتح درج کرلی۔ ملیشیا کے خلاف میچ میں بھی جارحانہ آغاز کرتے ہوئے ہندستان کے ھرمنپریت نے تیسرے منٹ میں ہی ملے پہلے پنالٹی کارنر پر گول کرکے ٹیم کو 0۔1 کی سبقت دلا دی۔ اس کے بعد گیند طویل وقفہ تک ہندستانی ٹیم کے قبضے میں رہی اور ملیشیائی ٹیم کو برابری سے باز رکھا۔ لیکن ملیشیا کے جوابی حملے جاری رہے اور پہلے کوارٹر میں ناکام رہنے کے بعد دوسرے کوارٹر کے شروع میں ہی اس نے برابری کا گول کرکے اسکور 1۔1 تک پہنچادیا۔ تجربہ کار ملیشیائی کھلاڑی فیصل نے ہندستانی ڈیفنڈرس کو چکمہ دیتے ہوئے 16 ویں منٹ میں اپنی ٹیم کیلئے گول داغ دیا۔ فیصل نے گیند کو بہتر طور پر قابو میں رکھا جسے انڈین گول کیپر پی آر شر¸ جیش بھی روک نہیں سکے ۔
حالانکہ اس کے بعد کافی وقت تک ہندستانی کھلاڑی گیند کو اپنے قبضے میں رکھنے میں کامیاب رہے ۔ ٹیم انڈیا نے سات پنالٹی کارنر بیکار کئے جو کافی مایوس کن رہا۔ لیکن ہرمن پریت نے تیسرے کوارٹر کے آخری 44 ویں منٹ میں ملے پنالٹی کارنر سے گول داغ دیا اور ہندستان کو 1۔2 سے برتری دلادی۔ چوتھے کوارٹر میں ملیشیا نے دوبارہ جوابی حملے کئے لیکن ہندستانی ڈیفنڈروں کے سامنے وہ گول نہیں کرسکے اور میچ کے آخری چند منٹوںمیں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کے باوجود فیصلہ ہندستان کے حق میں ہوگیا۔