اے ایم یو کے طلبہ سے وائس چانسلر کی اپیل، مشکل گھڑی میں دانش مندی کا مظاہرہ کریں

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-May-2018

علی گڑھ ۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے یونیورسٹی کے طلبہ کے نام جاری ایک اپیل میں ان سے درخواست کی ہے کہ مختلف حلقوں سے یونیورسٹی پر ہونے والے حملوں کے پیش نظر وہ جذبات میں بہے بغیر دانش مندی اور سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کریں۔ وائس چانسلر نے کہاکہ اے ایم یو مشکل دور سے گزر رہا ہے اوراس موقع کا فائدہ اٹھا کر میڈیا کا ایک طبقہ ، خاص طور سے کچھ ٹی وی چینلس آدھی ادھوری معلومات کے ساتھ لگاتار یونیورسٹی کی شبیہ بگاڑ رہے ہیں۔

پروفیسر طارق منصور نے کہا’’میں نے اپنے طلبہ پر جارحانہ طاقت کے استعمال کی پہلے ہی مذمت کی ہے جس میں اے ایم یو طلبہ یونین کے موجودہ اور سابق عہدیداروں اور دیگر طلبہ کو سنگین چوٹیں آئیں۔‘‘ وائس چانسلر نے کہا کہ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں زیر علاج زخمی طلبہ کی عیادت کرنے کے دوران انھیں بہت صدمہ ہوا ۔ پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ طلبہ کے جائز مطالبات کے تئیں اظہار یکجہتی کے لئے وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ دھرنے کی جگہ پر گئے ۔ انھوں نے کہا ’’میں طلبہ کے دکھ درد میں ان کے ساتھ ہوں ، میں نے جوڈیشیل انکوائری کے مطالبہ کی تائید کی ہے اور اے ایم یو برادری کے جذبات و احساسات سے سبھی متعلقین کو واقف کرادیا ہے۔ ‘‘

وائس چانسلر نے اپنی اپیل میں کہا ’’عزیز طلبہ، ہمیں ایسی طاقتوں کے جال میں نہیں پھنسنا چاہئے جو ہمارے عظیم ادارے کی شبیہ کو مسخ کرنے پر آمادہ ہیں اور آپ کے سنہرے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہیں۔‘‘ پروفیسر طارق منصور نے مزید کہاکہ طلبہ کو کسی بھی حالت میں اپنی تعلیم و تدریس کا نقصان نہیں کرنا چاہئے، خاص طور سے ایسے وقت میں جب امتحانات سر پر ہیں۔ انھوں نے کہا ’’میں سبھی طلبہ سے اپیل کرتا ہوں کہ امن و سکون برقرار رکھیں اور پوری طرح اپنی تعلیم پر توجہ دیں اور اپنے کیریئر میں اچھے سے اچھا کرنے کی کوشش کریں۔‘‘