Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-May-2018
وارانسی۔اترپردیش میں وارانسی کے کاشی ہندو یونیورسٹی (ب بی ایچ یو) کے کچھ طلبا کے دو گروپوں نے بالادستی کی لڑائی کو لے کر آج ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا اور پٹرول بموں سے حملے کئے، جس سے کئی طالب علم زخمی ہو گئے۔ کشیدگی کے مد نظر یہاں بڑی تعداد میں پولیس فورس کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
یونیورسٹی ذرائع نے بتایا کہ بڑلا ہاسٹل کے دو طالب علموں کو لال بہادر شاستری ہاسٹل کچھ طالب علموں کے ذریعہ یرغمال بنانے کی افواہ کے بعد کل نصف شب میں طلبا کے دونوں گروپوں کے درمیان جھڑپ شروع ہو گئی۔ دونوں ہاسٹل کے بہت سے طالب علم ہاتھوں میں پتھر اور لاٹھی ڈنڈے لے کر سڑکوں پر آ گئے۔ انہوں نے ایک دوسرے کو نشانہ بنا کر پتھراؤ اور پٹرول بموں سے حملے کیے اور کئی گاڑیوں کو آگ کے حوالے کر دیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی یونیورسٹی کے سیکورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس اور یونیورسٹی کے سیکورٹی فورسز کی موجودگی میں کل آدھی رات سے آج صبح تقریبا چار بجے تک وقفے وقفے پتھراؤ ہوتا رہا۔