جے ڈی ایس کو حمایت دینے کے لئے کانگریس نے گورنر کو سونپاخط، سدارمیا نے دیا استعفیٰ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-May-2018

بنگلورو: کرناٹک اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد جنتا دل (سیکولر) کو کانگریس کی حمایت کے اعلان کے بعد کانگریس کے وفد نے جے ڈی ایس کو حمایت دینے کے لئے گورنر کو خط سونپ دیاہے۔ وہیں بی جے پی نے بھی جے ڈی ایس سے رابطہ کیا ہے۔

دوسری طرف کانگریس نے جے ڈی ایس کو بلاشرط حمایت دینے کے لئے گورنر کو خط سونپ دیا ہے۔ وزیراعلیٰ سدارمیا نے زبردست شکست کے بعد گورنر کو اپنا استعفیٰ دے دیا ہے۔  کانگریس کے وفد نے ابھی کچھ دیر قبل گورنر سےملاقات کرکے اپنی حمایت کا خط سونپا ہے، لیکن اب دیکھنا یہ ہے کہ گورنر کیا جے ڈی ایس کو حکومت بنانے کے لئے مدعو کریں گے۔

واضح رہے کہ کرناٹک میں  سدارمیا کی قیادت میں کانگریس نے  الیکشن لڑا، لیکن مسلسل مکمل اکثریت کا دعویٰ کرنے کے بعد کانگریس اقتدار سے بہت دور ہوگئی ہے۔ کرناٹک میں بی جے پی سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے۔ بی جے پی کو 104 سیٹیں ملی ہیں جبکہ کانگریس کو 77 اور جے ڈی ایس کو 37 سیٹیں ملی ہیں جبکہ کانگریس اور جے ڈی ایس دونوں ایک ایک سیٹ پر آگے چل رہی ہیں۔ بی ایس پی کو ایک سیٹ ملی ہے جبکہ ایک آزاد امیدوار کو بھی کامیابی ملی ہے۔

کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد، اور اشوک گہلوت بنگلور میں موجود ہیں۔ غلام نبی آزاد کے مطابق سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوگوڑا اور کرناٹک کے ریاستی صدر کمار سوامی سے مثبت بات ہوگئی ہے اور کانگریس کی حمایت سے جے ڈی ایس حکومت بنائے گی۔

دوسری جانب بی جے پی کے وزیراعلیٰ عہدہ کے امیدوار بی ایس یدی یورپا نے کانگریس پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک کی عوام نے کانگریس کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کو اخلاقی طور پر حکومت سازی کا کوئی حق نہیں ہے، لیکن اگر اس کے باوجود بھی کانگریس اس معاملے میں پیش رفت کرتی ہے تو یہ انتہائی غیر اخلاقی عمل ہوگا۔

یدی یورپا نے کہاکہ وزیراعلیٰ سدارمیا کو بھی لوگوں نے ناپسند کیا، اسی وجہ سے ان کو اپنی سیٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ لیکن اب کانگریس غیر اخلاقی عمل کرتے ہوئے حکومت میں شامل ہونے کی کوشش کررہی ہے۔