Taasir Urdu News Network | Uploaded on 26-May-2018
سری نگر : جنوبی کشمیر میں احتجاجیوں کی جانب سے مبینہ طور پر ریل پٹریوں اور سگنل سسٹم کو پہنچائے گئے نقصان کی وجہ سے گرمائی دارالحکومت سری نگر سے جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات ہفتہ کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رہیں۔ تاہم سری نگر اور شمالی کشمیر کے بارہمولہ کے درمیان چلنے والی ٹرینیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔ ریلوے کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ’ مرمت کا کام جاری ہے۔ جوں ہی یہ کام مکمل ہوگا ریل خدمات کو بحال کردیا جائے گا‘۔
ذرائع نے بتایا کہ نوجوانوں کے ایک گروپ نے جمعہ کے روز ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ آرونی میں مبینہ طور پر ریل پٹریوں کو اکھاڑنے کے علاوہ سگنل سسٹم کو بھی نقصان پہنچایا۔ احتجاجی نوجوان ریاستی پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کی طرف سے گرفتار کئے گئے چند نوجوانوں کی رہائی کا مطالبہ کررہے تھے۔ ریلوے ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ یہ رواں ماہ میں دوسری دفعہ ہے کہ جب احتجاجیوں کی جانب سے ریلوے املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
انہوں نے بتایا ’اس سے قبل 9 مئی کو احتجاجیوں کے ایک گروپ نے بجبہاڑہ اور پنزگام ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان والے حصے پر نہ صرف چلتی ریل گاڑیوں پر پتھراؤ کیا تھا بلکہ ریلوے ٹریک اور سگنل سسٹم کو بھی شدید نقصان پہنچایا تھا‘۔ اس نقصان کی وجہ سے پوری وادی میں ریل خدمات مسلسل چار روز تک معطل رکھی گئی تھیں۔ یو این آئی کے پاس موجود اعداد وشمار کے مطابق وادی میں رواں برس کے پانچ مہینوں کے دوران ریل خدمات کو کم از کم 12 مرتبہ کلی یا جزوی طور پر معطل رکھا گیا۔