سونیا گاندھی کا میڈیکل چیک اپ کرانے امریکہ گئے راہل گاندھی، بی جے پی نے کہا ہماری تفریح کرتے رہنا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 28-May-2018

کانگریس صدر راہل گاندھی اپنی ماں اور یوپی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی کے میڈیکل چیک اپ کرانے کے لئے امریکہ گئے ہیں۔  راہل گاندھی نے خود ٹوئٹ کرکے یہ اطلاع دی ہے۔ اپنے اس ٹوئٹ میں کانگریس صدر راہل گاندھی نے بی جے پی کی سوشل میڈیا ٹیم کو لے کر طنز کستے ہوئے کہا کہ فکر نہ کریں، وہ جلد ہی واپس لوٹ رہے ہیں۔

دراصل راہل گاندھی کے بیرون ممالک میں جانے کے بعد سوشل میڈیا میں اس کو لے کر کافی مذاق اڑایا جارہا تھا۔ ایسے میں انہوں نے خود ہی اپنے سرکاری ٹوئٹر ہینڈل  پر ٹوئٹ کرکے اس کی اطلاع دی اور بی جے پی پر طنز کسا۔

راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ کچھ دن کے لئےملک سے باہر رہوں گا۔ سونیا جی کے سالانہ میڈیکل چیک اپ کے لئے ساتھ جارہا ہوں۔ بی جے پی سوشل میڈیا کی ٹرول آرمی زیادہ پریشان نہ ہو، میں جلد ہی لوٹ رہا ہوں۔

راہل گاندھی کے اس ٹوئٹ کے جواب میں بی جے پی نے بھی طنز کیا۔ بی جے پی کے سوشل میڈیا ہینڈل سے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ہم سونیا گاندھی کی جلد صحت میں سدھار کی دعا کرتے ہیں۔ لیکن کرناٹک کی کابینہ کا انتظار کررہے ہیں تاکہ حکومت جلد کام شروع کرسکے۔ کیا آپ امریکہ جانے سے پہلے اس بات کو یقینی کریں گے کہ کرناٹک حکومت ٹھیک سے کام کرے؟ سوشل میڈیا امید کرتا ہے کہ آپ وہاں سے بھی ہماری تفریح کرتے رہیں گے۔