سپر کبڈی لیگ کی سیمی فائنلز لائن اپ مکمل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-May-2018

لاہور: 

 پاکستان سپر کبڈی لیگ میں سیمی فائنلز کی لائن اپ مکمل ہوگئی۔

بدھ کو فیصل آباد شیردلزکا مقابلہ ساہیوال بلزسے ہوگا، گجرات واریئرز کو کشمیر جانباز کا چیلنج درپیش ہوگا، کراچی زور آورز،گوادر بہادرز،پشاور حیدرز اور ملتان سکندرز کوارٹرفائنل میں ہمت ہار گئے۔  پاکستان سپر کبڈی لیگ میں پول اے سے کراچی زور آورز، گوادربہادرز اور گجرات واریئرز نے براہ راست جبکہ ساہیوال بلزنے ایلمینیٹر میچ میں لاہور تھنڈرز کو شکست دیکر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی، پول بی میں پشاورحیدرز،فیصل آباد شیردلزاور ملتان سکندرز براہ راست جبکہ کشمیر جانباز نے المنیٹر میچ میں اسلام آبادآل اسٹارز کو زیر کرکے اس مرحلے میں جگہ بنائی تھی، گزشتہ روز پہلے کوارٹر فائنل میں کشمیر جانباز اور کراچی زور کا کانٹے دار مقابلہ ایک مرحلے پر 22-22سے برابر تھا،بعد ازاں کشمیر جانباز نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے برتری بڑھانا شروع کی اور 32کے مقابلے میں 39پوائنٹس کیساتھ سیمی فائنل میں قدم رکھ دیے۔

دوسرے کوارٹر فائنل میں فیصل آباد شیردلزنے گوادر بہادرزکواپ سیٹ شکست دے دی، ایک مرحلہ پرفیصل آباد شیردلزکوصرف 3پوائنٹس کی برتری حاصل تھی لیکن گوادر بہادرز مسلسل ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کوحاوی ہونے کا موقع فراہم کردیا، فیصل آباد شیر دلز نے 45-26سے فتح سمیٹی۔ تیسرے کوارٹرفائنل میں بھی غیرمتوقع نتیجہ سامنے آیا،پشاور حیدرز نے 19کے مقابلے میں 22پوائنٹس کیساتھ برتری حاصل کرنے کے بعد متعدد مواقع ضائع کیے، ساہیوال بلز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 36-32سے کامیابی کیساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنائی،گجرات واریئرز نے ملتان سکندرز کو 34-32سے مات دیکر ایونٹ میں پیش قدمی جاری رکھی،بدھ کوپہلے سیمی فائنل میں فیصل آباد شیردلز کا مقابلہ ساہیوال بلز کیساتھ ہوگا، گجرات واریئرز کو کشمیر جانبازکا چیلنج درپیش ہوگا۔