شام پر اسرائیل کا میزائل حملہ۔9 افراد ہلاک ،متعدد زخمی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-May-2018

دمشق ۔ شام میں اسرائیل کے میزائل حملے میں 9افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نےدمشق کےجنوبی ڈسٹرکٹ قصویٰ پرمیزائل داغے۔شام کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے دارالحکومت دمشق میں ایک فوجی مرکز پر فضائی حملہ کیا ہے۔صنعا نیوز ایجنسی کے مطابق منگل کو شامی فوج نے قصویٰ کے علاقے میں دو اسرائیلی میزائل مار گرائے۔

ابھی تک کسی ہلاکت یا کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم مانیٹرنگ گروپس کا کہنا ہے کہ حکومت کی حامی افواج میں سے پانچ فوجیوں کی بھی ہلاکت ہوئی ہے جن میں ایران کے حامی جنگجو بھی شامل ہیں۔منگل کو ہی فوجی کیمپ پر حملے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔

 بی بی سی کے مطابق صدر بشارالاسد کی حامی افواج میں شامل ایک کمانڈر نے برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹر کو بتایا ہے کہ ان حملوں میں شامی فوج کے ایک مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم سیرئین آبزرویٹری گروپ کا کہنا ہے کہ اس حملے میں فوجی ڈپو کو نشانہ بنایا گیا۔گروپ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایران کے پاسدران انقلاب کے ممبران اور شیعہ ملیشیا کے ارکان بھی شامل ہیں۔ابھی تک اسرائیل نے ان خبروں پر کوئی تبصرہ یا ردعمل ظاہر نہیں کیا تاہم اس نے کہا تھا کہ وہ شام میں ایرانی فوج کی موجودگی کو مورچہ بندی سمجھتا ہے