پاکستان ون ڈے کپ؛ فیڈرل ایریاز کی ٹیم چیمپئن بن گئی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-May-2018

کراچی: 

فیڈرل ایریاز کی ٹیم پاکستان کپ کی چیمپئن بن گئی۔

پاکستان ون ڈے کپ کے فائنل میں فیڈرل ایریاز نے خیبرپختونخوا کو 5وکٹ سے شکست دیکر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا، کامیاب الیون نے 253 کا ہدف41 اوورز میں 5 وکٹ کھوکر حاصل کرلیا۔

کپتان کامران اکمل نے جارحانہ انداز برقرار رکھتے ہوئے 4 چھکوں اور2 چوکوں کی مدد سے 24 بالز پر 38رنز بنائے، تاہم وہ اس اسکور پر حفیظ کی گیند پر ضیا کا کیچ بن گئے، عابد علی 21 گیندوں پر 16رنز بناکر میدان سے واپس ہوئے، انھوں نے 3 بار گیند کو باؤنڈری لائن کے پار بھی پہنچایا، رضا علی ڈار نے 7 چوکوں کی مدد سے 53 بالز پر 49رنز اسکور کیے، آغا سلمان اور سعد نسیم کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے 79رنز کی شراکت بنی، سعد نسیم 34 گیندوں پر 51رنز بناکر پویلین واپس لوٹے، انھوں نے 7 چوکے اور1 سکسر بھی جڑا، آغا سلمان نے 60 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، عمید آصف 18 اور حسین طلعت 10رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، ضیا الحق نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

اس سے قبل ٹاس ہارجانے والی کے پی کے کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 43.4 اوورز میں 252 رنز پر تمام وکٹیں گنوادیں، اوپنر خرم منظور اور شان مسعود نے ٹیم کو 60 رنز کی شروعات فراہم کی، اس میں خرم کا حصہ 32 رنز رہا، وہ رضا علی ڈار اور رضا حسن کی عمدہ فیلڈنگ کے سبب رن آؤٹ ہوگئے، ون ڈاؤن محمد حفیظ نے شان مسعود کے ہمراہ رنز بنانے کی رفتار برقرار رکھی، ان کے درمیان دوسری وکٹ کیلیے 43کی شراکت بنی، شان مسعود 49 گیندوں پر 52رنز بناکر پویلین کی راہ لی

تجربہ کار قومی بیٹسمین محمد حفیظ نے ایک اینڈ سے کھلاڑیوں کو آمدورفت دیکھ کر ذمے داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے 86 بالز پر 89 رنز اسکور کیے، اس دوران انھوں نے 9 چوکے لگائے جبکہ ایک بلند و بالا اسٹروک بھی ان کی اننگز کا حصہ بنا، اسرار اللہ 26رنز بناکر نمایاں رہے، اسٹار بیٹسمین عمراکمل 1 رن بناکر میدان بدر ہوگئے، عادل امین 22رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے، حسن خان 17پر ناٹ آؤٹ رہے، حماد اعظم 1 جبکہ محمد عرفان سینئر نے 3 رنز بنائے محمد عرفان جونیئر صفر کی خفت سے دوچار ہوئے، ضیا الحق نے 9 گیندوں پر 3رنز بنائے،عثمان خان شنواری سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے، انھوں نے 34 رنز دیکر3 وکٹوں کا سودا کیا، حسین طلعت نے 37رنز کے عوض 2 وکٹوں کا سودا کیا

عثمان خان شنواری کو فائنل کے بہترین پلیئر کا ایوارڈ دیاگیا، ایونٹ کے بہترین بولر کا اعزاز وقاص مقصود ( فیڈرل ایریاز) کے حصے میں آیا، بہترین بیٹسمین خرم منظور ( خیبر پختونخوا ) اور بہترین آل راؤنڈر محمد نواز قرارپائے۔