Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-May-2018
بنگلورو: گوااور منی پور کے واقعات سے سبق لیتے ہوئے کانگریس نے کرناٹک اسمبلی انتخابات کے رجحانات کی بنیاد پر ہی جنتادل ایس کو نئی حکومت تشکیل دینے کے لئے حمایت کا اعلان کردیا۔ کانگریس جنرل سکریٹری غلام نبی آزاد نے آج یہاں یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جنتادل ایس کے رہنما ایچ ڈی دیوے گوڑا اور انکے بیٹے ایچ ڈی کمارسوامی کے ساتھ اس بارے میں ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی ہے اورانھوں نے کانگریس کی طرف سے حمایت دینے کی تجویز قبول کرلی ہے ۔
انھوں نے کہا کہ شام کودونوں پارٹیوں کے رہنما گورنر وجو بھائی والا سے ملکر ریاست میں نئی حکومت بنانے کا دعوی پیش کریں گے ۔ادھر جے ڈی ایس نے کانگریس کی اس پیشکش کو قبول کرلیا ہے ۔ اب بتایا جارہا ہے کہ جے ڈی ایس اور کانگریس کے لیڈران پانچ بجے گورنر سے ملاقات کریں گے اور حکومت سازی کا دعوی پیش کریں گے ۔
اب تک کے نتائج اور رحجانات کے مطابق بی جے پی کو 104 سیٹیں ملتی ہوئی نظر آرہی ہیں جبکہ کانگریس کےکھاتہ میں 77 اور جے ڈی ایس کے کھاتہ میں 39سیٹیں جارہی ہیں ۔ دو دیگر امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں ، جنہوں نے بھی کانگریس کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔