کرناٹک انتخابات : کمار سوامی کا بی جے پی پر الزام ، ممبران اسمبلی کو دیا 100- 100 کروڑ روپے کا آفر

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-May-2018

بنگلورو : کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد اب وہاں کے سیاسی حالات کافی دلچسپ بنتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔سبھی پارٹیاں حکومت سازی کی کوششوں میں مصروف ہیں اور اپنی اپنی حکومت بنانے کا دعوی کررہی ہیں ۔ اسی سلسلہ میں آج جے ڈی ایس ممبران اسمبلی کی میٹنگ ہوئی ، جس میں ایچ ڈی کمار سوامی کو ایوان کا لیڈر منتخب کیا گیا ۔

میٹنگ کے بعد انہوں نے میڈیا سے بھی گفتگو کی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے سیکولر ووٹوں کی تقسیم کرکے 104 سیٹیں حاصل کی ہیں ، اس کے ساتھ ہی انہوں نے وزیر اعظم مودی پر بھی نشانہ سادھا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے پاس مطلوبہ تعداد نہیں ہے ، ایسے میں وزیر اعظم مودی کو ایسا نہیں کہنا چاہئے تھا کہ بی جے پی حکومت بنائے گی ۔

کمار سوامی نے بی جے پر الزام لگایا کہ جے ڈی ایس کے ممبران اسمبلی کو خریدنے کیلئے انہیں 100-100 کروڑ روپے تک کا آفر کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کالے دھن کو ختم کرنے کی بات کرتے ہیں اور ان کی ہی پارٹی بی جے پی ہمارے کچھ ممبران اسمبلی کو سو کروڑ روپے اور کابینی وزیر کا عہدہ دینے کا آفر دے کر خریدنے کی کوشش کرتی ہے ۔ یہ 100 کروڑ روپے بلیک کا ہوگا یا وہائٹ کا ؟۔ان کے پاس ممبران اسمبلی کو دینے کیلئے پیسے ہیں ، لیکن لوگوں کو وعدے کے مطابق دینے کیلئے 15 لاکھ نہیں ہیں۔