Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-May-2018
بنگلورو : کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد اب وہاں کے سیاسی حالات کافی دلچسپ بنتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔سبھی پارٹیاں حکومت سازی کی کوششوں میں مصروف ہیں اور اپنی اپنی حکومت بنانے کا دعوی کررہی ہیں ۔ ایک طرف جہاں یدی یورپا نے گورنر ملاقات کرتے اپنی حکومت سازی کا دعوی پیش کیا ہے تو وہیں کانگریس کا کہنا ہے کہ اگر اسے حکومت سازی کی دعوت نہیں دی جاتی ہے تووہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائے گی ۔
ادھر خبروں کے مطابق کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے پارٹی کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد سے گفتگو کی ہے اور انہیں حکومت کی تشکیل کیلئے پورا زور لگانے کیلئے کہا ہے۔ پارٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر گورنر نے پہلے بی جے پی کو حکومت سازی کیلئے مدعو کیا تو وہ عدالت جائے گی۔
دریں اثنا غلام نبی آزاد کا کہنا ہے کہ بی جے پی جمہوریت میں یقین نہیں رکھتی ہے۔ بنگلورو میں پارٹی دفتر کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ بی جے پی اور اس کی مرکزی قیادت جمہوریت میں یقین نہیں رکھتی ہے، صرف وہ دوسری پارٹی کو توڑنا چاہتی ہے ۔ لیکن ہمیں اپنے سبھی ممبران اسمبلیوں پر پورا یقین ہے۔