Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-May-2018
بنگلور: کرناٹک اسمبلی میں بی جے پی حکومت کے حق میں تحریک اعتمادکا اجلاس کل دن میں گیارہ بجے شروع ہوگا۔یہاں کابینہ کی ہنگامی میٹنگ کے بعد بی جے پی حکومت کی سربراہی کرنے والے مسٹر بی ایس یدی یورپا نے نامہ نگاروں کو بتا یا کہ سنیچر کو اکثریت ثابت کرنے کی سپریم کورٹ کی ہدایت پر کابینہ نے گورنر سے اسمبلی اجلاس طلب کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں صد فی صد یقین ہے کہ اکثریت ثابت ہو جائے گی۔مسٹر یو رپا نے کہ تمام منتخب اراکین سے کہہ دیا گیا ہے کہ وہ آج شام تک شہر لوٹ آئیں اور پارٹی کے صدر دفتر میں ملیں۔
خیال رہے کہ آج ہی سپریم کورٹ نے کرناٹک اسمبلی میں کل شام چار بجے تحریک اعتماد پر ا ووٹ کرانے کا حکم دیا ہے۔جسٹس اے کے سیکری، جسٹس ایس اے بوبڑے اور جسٹس اشوک بھوشن کی بنچ نے کانگریس- جے ڈی (سیکولر) اتحاد کی درخواست پر یہ عبوری حکم دیا۔ عدالت عظمی نے ریاست کی بی جے پی حکومت کی طرف سے خفیہ ووٹنگ کرانے کی مرکزی حکومت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
عدالت نے کہا کہ سب سے پہلے اسمبلی کا عارضی اسپیکر( پروٹیم اسپیکر) مقرر کیا جائے گا۔ کل چار بجے سے پہلے تمام ممبران اسمبلی کو حلف دلایا جائے گا اور چار بجے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہوگا۔ تحریک اعتماد کے عمل کی ویڈیوگرافی نہیں کرائی جائے گی۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ اس دوران بی ایس یدی یورپا حکومت نہ تو کوئی پالیسی کا فیصلہ کرے گی اور نہ ہی اینگلو- انڈین شخص کو اسمبلی میں رکن نامزد کرے گی۔
خیال رہے کہ کرناٹک میں سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے آئی بی جے پی کے لیڈر بی ایس یدی یورپا نے تنازع کے درمیان جمعرات کو وزیر اعلی عہدہ کا حلف لیا ۔ گورنر نے اکثریت کی حامل کانگریس – جے ڈی ایس اتحاد کو حکومت بنانے کیلئے مدعو نہیں کیا ، جسے لے کر دونوں پارٹیاں ناراض ہیں۔ کانگریس نے گورنر کے فیصلہ کو جمہوریت کا قتل قرار دیا ۔