اقلیتوں کو چھوٹی صنعتوں کے لئے قرضہ جات راست منظورکرنے کا مطالبہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 24-May-2018

حیدرآباد: ایس زیڈ سعید صدر آل انڈیا اسمال اسکیل انڈسٹریز مائینارٹیز کمیٹی نے غریب اور معاشی طور پر کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت تلنگانہ کے اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ کی سرکردگی میں اقلیتوں کی ترقی کے لئے جو کارنامے انجام دےئے جارہے ہیں اس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔ انہوں نے مسٹر راو سے اپیل کی ہے کہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کو فی الفور یہ ہدایت دی جائے کہ کمزور طبقات خصوصاً خواتین کو راست قرضہ جات ادا کئے جائیں اور ان قرضہ جات کا بینک سے کوئی تعلق نہ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن سے قرضہ جات منظور تو کر لئے جاتے ہیں لیکن بینکوں سے ان کی اجرائی عمل میں نہیں آتی ۔ اس لئے ضروری ہے کہ چھوٹے قرضہ جات بینکوں سے تعلق رکھے بغیر ہی راست استفادہ کنندگان کو قرضہ جات جاری کئے جائیں۔

انہوں نے یاد لایا کہ وزیر فائنانس ایٹالہ راجند نے یہ یقین دلایا تھا کہ چھوٹے قرضہ جات راست ادا کئے جائیں گے۔ مسٹرسعید نے کہا کہ وزیر فائنانس کی یقین دہانی پر عمل کیاجائے جس سے لاکھوں غریب افراد کو فائندہ پہنچے گا۔انہوں نے اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے ذمہ داروں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ وزیر فائنانس کی یقین دہانی کی روشنی میں مائیکرو فائنانس کی اسکیم کو روبہ عمل لانے کی حکمت عملی تیار کریں اور جلد سے جلد قرضہ جات منظور کرنے کے پروگرام کا اعلان کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ قرضہ جات کو وائیٹ راشن کارڈ سے جوڑا جائے جس سے قرض کی درخواست دینے والوں کو بھی سہولت ہوگی اور وہ تمام دشواریوں سے بچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بہ شمار کاروبار ہیں جو بالکل معمولی سرمایہ سے شروع کئے جاسکتے ہیں۔ اس سے لاکھوں لوگ کام کاروبار سے جڑ سکتے ہیں۔ اس سلسلہ میں مائینارٹیز کمیٹی نے حال ہی میں ایک شعور بیداری پروگرام منظم کیا تھا اور لوگوں کو معمولی سرمایہ کی صنعتوں سے واقف کروایا تھا۔ کمیٹی محلہ واری سطح پر خود کماؤ خود کھاؤ پروگرام روبہ عمل لارہی ہے۔