اپریل میں نوابشاہ میں دنیا کا سب سے زیادہ گرمی کا ریکارڈ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 03-May-2018

کراچی: 

 فرانسیسی ماہر موسمیات نے دعویٰ کیا ہے کہ اپریل 2018 میں نوابشاہ میں دنیا کا سب سے زیادہ گرمی کا ریکارڈ بنا۔

گزشتہ ماہ 30 اپریل کو سندھ کے شہر نوابشاہ میں درجہ حرارت 50.2 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ فرانس سے تعلق رکھنے و الے ماہر موسمیات ایتھنی کیپی کیان نے سماجی رابطے کی ویٹ سائٹ ٹویٹر پر لکھا ہے کہ پاکستان کا شہر نواب شاہ اپریل کے مہینے میں نہ صرف پاکستان کے دیگر شہروں کے مقابلے میں بہت گرم رہا بلکہ یہ درجہ حرارت پورے براعظم ایشیا میں اپریل کے مہینے میں گرمی کا نیا ریکارڈہے۔

واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے ماہرکرسٹوفر برٹ نے ایک قدم مزید آگے بڑھتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ شاید سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے جوپوری دنیا میں اپریل کے مہینے میں ریکارڈ کیا گیا۔

کرسٹوفر برٹ کا مزید کہنا تھا کہ اس سے قبل اپریل 2001 میں میکسیکو کے شہر سانتا روسا میں ریکارڈ کیا گیا 51 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت شکوک وشبہات کا حامل ہے، محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر غلام رسول نے رابطہ کرنے پر اس بات کی تائید کہ اپریل کے مہینے میں پاکستان کی موسمیاتی تاریخ میں ریکارڈ کیا گیا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔

دوسری جانب واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ نوابشاہ میں ریکارڈ کیے گئے 50.2 ڈگری سینٹی گریڈ کے اپریل کے مہینے میں دنیا کے سب سے زیادہ درجہ حرارت ہونے کے حوالے سے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا کیونکہ ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کی جانب سے درجہ حرارت کی ماہانہ رپورٹس یا جائزہ شائع نہیں کیا جاتا۔