ایشین ڈویژن رگبی، قومی ٹیم قازقستان پہنچ گئی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-May-2018

لاہور: 

پاکستان قومی 15 سائیڈرگبی کی 30 رکنی ٹیم ایشین ڈویژن تھری چیمپئن شپ کیلیے قازقستان کے شہر الماتے پہنچ گئی۔

پاکستان رگبی ٹیم نے الماتے میں ڈویژن تھری کی 4 ملکی ایشین رگبی چیمپئن شپ میں حصہ لینا ہے جس میں پاکستان، قازقستان، منگولیا اورکرغزستان شامل ہیں۔ پاکستان رگبی یونین کے چیئرمین فوزی خواجہ اور رگبی سروسز مینجر سید معظم علی شاہ نے پاکستانی ٹیم کو ایئرپورٹ سے رخصت کیا۔

پاکستان رگبی ٹیم کے ہیڈ کوچ شکیل احمد ملک کے مطابق ایک متوازن ٹیم منتخب کی گئی۔ ٹیم نے کافی محنت کی اور امید ہے کہ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ ٹیم میں تمام یونٹس کے بہترین کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔ ٹیم سے کافی توقعات ہیں، ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل 16 مئی بدھ کو پاکستان اورکرغزستان کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل بھی اسی دن منگولیا اور قازقستان کے درمیان فرسٹ پریذیڈنٹ رگبی اسٹیڈیم الماتے میں کھیلا جائے گا۔ 19 مئی کو تیسری اور چوتھی پوزیشن کا میچ اور فائنل کھیلا جائے گا۔

پاکستان رگبی ٹیم میں کپتان کاشف خواجہ دیگر کھلاڑیوں میں ناصر محمود، شاہد محمود، محمد ہارون، مصدق الطاف، عرفان شہزاد، شرافت علی، محمد وقاص، اسرار احمد، انجم شہزاد، زاہد اقبال، دائود گل، فیصل اسلم، محمد وقاص، ملک عارف حسین، محمد طلحہ، حماد صفدر، احمر علی، سید محمد معیز علی، سید محمددائود علی، عدنان سعید، سعد عارف، محمد علی خان، محمد شعیب اکبر، احمد وسیم اکرم، شہاز خان شامل ہیں۔

ٹیم مینجمنٹ میں ہیڈ کوچ شکیل احمد ملک، منیجر محمد یحییٰ بھٹی، فزیو محسن عزیز اور انالسٹ سلمان مظفر شیخ شامل ہیں۔ پاکستان رگبی یونین کے چیئرمین فوزی خواجہ کے مطابق پاکستان رگبی ٹیم 3 سال بعد اپنا پہلا 15 سائیڈ ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ ٹیم سے امید ہے کہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

کپتان کاشف خواجہ سمیت تمام کھلاڑی مکمل فٹ اور بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلیے تیار ہیں۔ قازقستان کی ٹیم بھی گزشتہ کچھ عرصے سے بہت اچھا کھیل پیش کر رہی ہے امید ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوگا۔

چیئرمین پاکستان رگبی یونین فوزی خواجہ نے پاکستان رگبی ٹیم کو سپورٹ کرنے پر وزیر بین الصوبائی رابطہ کمیٹی ریاض حسین پیرزادہ، ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ عامر احمد علی، ڈائریکٹر اعظم ڈار، ڈپٹی ڈائریکٹر آغا امجد کا شکریہ ادا کیا۔