بدعنوانی کے معاملہ میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی صدر اور سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی ضمانت برقرار

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 17-May-2018

ڈھاکہ۔ بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ نے دھوکہ دہی معاملے میں پانچ سال کے لئے سزا یافتہ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی صدر اور سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی ضمانت منظور کرنے کے سلسلے میں ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔سپریم کورٹ کی اپیلٹ بنچ نے ہائی کورٹ کے ضمانت کے حکم کے خلاف دائر دو عرضیوں کی سماعت کے بعد یہ فیصلہ دیا۔

وکلاء کا حالانکہ کہنا تھا کہ اس ضمانت سےخالدہ ضیاء کی جلد رہائی ممکن نہیں ہے کیوں کہ وہ دیگر معاملات میں بھی قصوروار ہیں۔

بی این پی کے وکیل مودود احمد نے کہا کہ ہم دیگر معاملات میں بھی حتی الامکان اور جلد از جلد ضمانت منظور کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے ۔ جس سے دیگر معاملات میں بھی ضمانت منظور ہونے میں آسانی ہوگی۔

خیال رہے کہ نچلی عدالت نے خالدہ  ضیاء کو ضیاء آرفینیج ٹرسٹ گھپلہ معاملہ میں  ضیاء کو گزشتہ آٹھ فروری کو سز ا سنائی تھی۔ اس کے بعد بارہ مارچ کو ہائی کورٹ نے خالدہ ضیاء کی عبوری ضمانت کی عرضی کو منظور ی دے دی تھی۔