بنگلہ دیش میں نشے کے خلاف مہم جاری ۔ 86ہلاک، 7000 گرفتار

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 29-May-2018

، بنگلہ دیش نے نشے کے خلاف زبردست مہم چلائی ہوئی ہے اس مہم کے دوران اب تک بنگلہ دیش پولیس اور منشیات اسمگلروں کی جھڑپوں میں 86 مشتبہ منشیات اسمگلر ہلاک اور تقریباً 7000 کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش میں فلپائن کی طرح نشے کی جنگ چھڑ نے کے خدشہ کے پیش نظر وزیر اعظم شیخ حسینہ کی منظوری کے بعد اسی ماہ نشے کے خلاف مہم شروع کردی گئی ہے۔ بنگلہ دیش سے ’’یا با‘‘نام کا نشہ اپنے پاؤں پسارے ہوئے ہے۔ میانمار کے شمال مشرق سے بنگلہ دیش اور دیگر پڑوسی ممالک میں اس نشے کی اسمگلنگ کی جاتی ہے۔

بنگلہ دیش کے سینئر پولیس افسر دیوداس بھٹاچاریہ نے رائٹر کو بتایا ’’حالیہ دنوں میں نشے کے کاروبار میں اضافہ ہوا ہے۔ہمیں نشے کےاس کاروبار کے خلاف کارروائی کے لئے آگاہ رہنا ہوگا اور اس کاروبار کو پوری طرح ختم کرنے تک یہ عمل جاری رہے گا‘‘۔

پولیس کی ریپڈ ایکشن بٹالین کے ڈائریکٹر مفتی محمود خان نے کہا کہ پولیس اور مشتبہ منشیات اسمگلروں کی جھڑپوں میں پولیس نے اپنا دفاع کرتے ہوئے 86 مشتبہ نشہ اسمگلروں کو مار گرایا ہے۔ حملے میں اپنی حفاظت کرنا پولیس فورس کا قانونی حق ہے۔

انہوں نے کہا ’’ہم اپنی نوجوان نسل کو نشے سے بچانے کے لئے پرعزم ہیں‘‘۔