’ریورس سوئنگ اور فاسٹ بولنگ کے علاوہ پاکستان سے کچھ چاہیے تو بتائیں‘

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 04-May-2018

پاکستانی فاسٹ بولر وہاب ریاض انگلش کاؤنٹی ڈربی شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے رواں سال ٹی 20 بلاسٹ ٹورنامنٹ کے دس میچ کھیلیں گے۔

اس بارے میں وہاب ریاض نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ڈربی شائر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلاسٹ ٹورنامنٹ میں اپنا کردار ادا کرنے کے منتظر ہیں اور اگر ’آپ کو ریورس سوئنگ اور تیز رفتار بولنگ کے علاوہ پاکستان سے کچھ چاہیے تو بتائیں۔‘

خیال رہے کہ پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم بھی آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچوں کے لیے آئرلینڈ اور انگلینڈ ‌کا دورہ کر رہی ہے اور وہاب ریاض پاکستانی سکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔

ڈربی شائر کے کرکٹ مشیر کم برنیٹ کا کہنا ہے کہ ‘وہاب ریاض ایک تیز اور اعلیٰ معیار کے فاسٹ بولر ہیں جس کی وجہ ہماری مہم کو تجربہ کاری کی دولت حاصل ہوگی۔’

ڈربی شائر کی نمائندگی کرنے والے جنوبی افریقن فاسٹ بولر ہارڈس ولیون نے بھی وہاب ریاض کی ڈربی شائر میں شمولیت کو ‘زبردست’ خبر قرار دیا ہے اور انھوں نے کہا کہ وہ ‘اپنی نشستوں پر سنبھل کر بیٹھیں راکٹ آپ کی جانب آ رہے ہیں۔ پاکستان زندہ باد۔’