شمالی كوريا کے ساتھ سربراہی اجلاس کیلئے بات چیت جاری: امریکہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 31-May-2018

واشنگٹن۔ وائٹ ہاؤس نے آج کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے درمیان مجوزہ مذاکرات کو لے کر شمالی اور جنوبی کوریا کی سرحد پر واقع غیر فوجی علاقے میں بات چیت کا دور جاری ہے اور امید ہے کہ یہ تاریخی ملاقات 12 جون کو سنگاپور میں ہی ہوگی۔وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری سارہ سینڈرز کے مطابق سفیر ’سنگ کم‘ کی قیادت میں امریکی وفد نے آج شمالی کوریا کے حکام سے ملاقات کر کےبات چیت کی۔ دونوں ممالک کے درمیان ہو رہی ہے اس بات چیت کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور یہ آگے بھی جاری رہے گی۔

سارہ سینڈرز نے کہا، “ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ یہ مجوزہ مذاکرات اپنے مقررہ پروگرام کے تحت 12 جون کو ہی ہو‘‘۔

قابل غور ہے کہ تقریبا ایک ہفتے پہلے مسٹر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ کے ساتھ 12 جون کو سنگاپور میں ہونے والی اپنی مجوزہ ملاقات منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا،جس کے بعد اس طویل المنتظرسربراہی اجلاس کے انعقاد کو لے کرکوششیں تیز ہو گئی ہیں۔