نابینا مسافروں کو گاڑی کے باہر کے مناظر محسوس کرانے والے انوکھے شیشے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 05-May-2018

واشنگٹن: گاڑیاں بنانے والی معروف کمپنی فورڈ اپنی کار کے لیے ایسی ’اسمارٹ ونڈوز‘ تیار کررہی ہے جس کی مدد سے نابینا افراد بھی گاڑی سے باہر کے مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں گے

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق فورڈ کار نے نابینا افراد کے لیے ایسی ونڈ اسکرین اور ونڈوز تیار کی ہیں جو مناظر کو محسوس کرانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ کار میں بیٹھے نابینا افراد ان ونڈوز کو ہاتھ لگا کر مناظر کو محسوس کرسکتے ہیں بالکل اسی طرح جیسی نابینا افراد کے لیے مخصوص کتاب ’بریل‘ پر انگلی کے پوروں کی مدد سے تحریر کو پڑھا جا سکتا ہے

کمپنی نے ’ منظر کو محسوس کرو‘ نامی فیچر کو حقیقت میں ڈھالنے کے لیے ایل ای ڈی لائٹس سنسرز کا استعمال کیا جس کے ذریعے اعلیٰ امتزاج کی تصاویر کو محسوس کرنا آسان ہوجاتا ہے۔ نابینا مسافر ان ڈسپلے کو ہاتھ لگا کر مناظر کو محسوس کرسکتے ہیں اور اپنے سفر کو خوشگوار اور یاد گار بناسکتے ہیں۔

کمپنی نے اپنی ٹیکنالوجی کے لیے ونڈوز ڈسپلے کے علاوہ ایک معاون ساؤنڈ فیچر سے بھی مدد لی ہے جو کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے گاڑی سے باہر مناظر کو پہچاننے میں مددگار ثابت ہوسکے گی۔ مثال کے طور پر جب ایک نابینا خاتون ونڈو ڈسپلے پر ایک پہاڑی کو محسوس کر رہی تھیں تو اس وقت آواز کے ذریعے بھی خاتون کو بتایا جارہا تھا کہ یہ ایک برف سے ڈھکی ہوئی پہاڑی ہے

نابینا افراد کے لیے طویل سفر ایک بے رنگ اور پھیکا تجربہ ہوتا ہے تاہم اس نئی ٹیکنالوجی کی مدد سے نابینا افراد سفر کے دوران نظر آنے والے خوبصورت مناظر کو محسوس کرسکیں گے