ویڈیو : میٹرو اسٹیشن پر پٹریوں کے راستے دوسرے پلیٹ فارم پر جانے لگا نوجوان ، بال بال بچی جان

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 23-May-2018

نئی دہلی : دہلی کے شاستری نگر میٹرو اسٹیشن پر ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے ٹل گیا۔ دراصل ایک نوجوان جو میٹرو اسٹیشن پر ٹرین پکڑنے کا انتظار کررہا تھا ،وہ اچانک پلیٹ فارم تبدیل کرنے کیلئے پٹری سے ایک جانب سے دوسری جانب جانے لگے ۔ جیسے یہ ہی نوجوا ن دوسری جانب پلیٹ فارم پر چڑھنے لگا ، ویسے ہی اسٹیشن پر رکی میٹرو بھی چل پڑی۔

لیکن جیسے ہی ڈرائیور نے نوجوان کو سامنے پایا تو اس نے فوری طور پر بریک لگایا ۔ ڈرائیور نے جس وقت بریک لگایا اس وقت نوجوان پلیٹ فارم پر چڑھنے کی کوشش ہی کررہا تھا۔ اگر ٹرین اپنی رفتار میں ہوتی تو اس نوجوان کو اپنی جان گنوانی پڑسکتی تھی۔

یہ واقعہ میٹرو اسٹیشن پر نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا۔ اس شخص کا نام میور پٹیل ہے اور اس کی عمر 21 سال ہے۔ جب میٹرو افسران کو اس بات کا علم ہوا ، تو انہوں نے فورا اس نوجوان کو پکڑا ۔ بعد میں میٹرو اہلکاروں نے نوجوان پر جرمانہ بھی عائد کیا ۔ جب اس سے پوچھا گیا کہ وہ اس طرح سے پٹریوں کو کیوں پار کررہا تھا ، تو اس نے بتایا کہ اس کومعلوم نہیں تھا کہ دوسرے پلیٹ فارم پر کیسے جانا ہے ، اس لئے اس نے اس راستہ کا انتخاب کیا۔