کیوبا میں بوئنگ 737 طیارہ گر کر تباہ، 100 سے زائد ہلاک

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-May-2018

ہوانا : کیوبا کے دارالحکومت ہوانا کے سب سے بڑے ہوائی اڈے سے آج ایک بوئنگ -737 مسافر بردار طیارہ پرواز کے کچھ دیر بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا جس میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔

کیوبا کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل کیوبا ٹی وی نے اس حادثہ کی اطلاع دی۔ طیارہ کا ملبہ ہوانا سے 20 کلومیٹر دور جنوب میں بوئےروژ کے زرعی علاقے میں برآمد کیا گیا۔

کیوبا کے صدر مگیل ڈياز كنیل نے بتایا کہ طیارہ میں مسافروں سمیت عملے کے کل 114 افراد سوار تھے۔اس حادثے میں صرف تین افراد زندہ بچ پائے ہیں جوکہ شدید زخمی ہیں۔

یہ طیارہ گھریلو پرواز کے تحت ہوانا سے هولگن جا رہا تھا۔ اس طیارہ میں پانچ بچوں سمیت کل 105 مسافر سوار تھے۔ اس کے علاوہ ہوائی جہاز میں عملے کے نو اراکین بھی تھے۔

صدر كنیل نے بتایا کہ طیارے کے حادثے کے بعد لگی آگ کو بجھا لیا گیا ہے اور انتظامیہ نے ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کی شناخت کرنی شروع کر دی ہے۔ انتظامیہ طیارہ کے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے۔