گوگل نے رام موہن رائے کا ڈوڈل بناکر خراج عقیدت پیش کیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 22-May-2018

نئی دہلی. انٹر نیٹ سرچ انجن گوگل نے آج ملک کے عظیم مصلح راجہ رام موہن رائے کی 246 ویں سالگرہ کے موقع پر ان کو یاد کیا اور اپنا ڈوڈل انہیں نذر کیا ۔  رام موہن رائے کی سالگرہ کے موقع پر گوگل نے ان کے لئے ایک خاص ڈوڈل بناکر انہیں یاد کیا جس میں انہیں سماج کی قیادت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔مسٹر رام موہن رائے نے سماج کی بھلائی کے لئے کئی کام کئے ۔ جن کی وجہ سے لوگ انہیں آج بھی یاد کرتے ہیں ۔ کم عمری کی شادی سے لیکر ستی جیسی بری رسموں کو سماج سےختم کرنے میں ان کا کردار اہم رہا ۔

بتادیں کہ اس وقت ان بری رسموں کو دور کرنا تو الگ ان کے خلاف آواز بلند کرنا بھی گناہ سمجھا جاتا تھا لیکن مصلح قوم اور صحافی مسٹر رام موہن رائے نے ان تمام برے رسوم کی نہ صرف مخالفت کی بلکہ ان کا خاتمہ کرکے ہی دم لیا ۔ اس لئے انہیں ’جدید ہند کا معمار‘ بھی کہا جاتا ہے ۔

رام موہن رائے کی پیدائش بنگال کے ضلع ہگلی کے رادھا نگر میں ہوئی تھی ۔ ان کے والد کا نام رام کانت ویشنو اور ماں کا نام ترینی دیوی تھا ۔ ان کی ابتدائی تعلیم بنگال کے ہی ایک گاؤں میں ہوئی تھی ۔ انہیں کئی زبانوں کا علم تھا جس کی وجہ سے وہ مختلف علاقوں کے لوگوں سے با آسانی بات چیت کیا کرتے تھے ۔انہوں نے کئی مذہبی کتابوں کامطالعہ بھی کیا اور برہمن سماج کی بنیاد بھی رکھی ۔