’33 کروڑ ٹوئٹر صارفین اپنے پاس ورڈز تبدیل کریں‘

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 04-May-2018

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے اپنے اندرونی نظام میں خرابی سامنے آنے کے بعد 33 کروڑ صارفین کو اپنے پاس ورڈز تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ ہدایت ایک اندرونی نظام میں خرابی کی بعد کی گئی ہے۔

ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ اندرونی تحقیقات سے پاس ورڈز کے چوری یا غلط استعمال کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

تاہم اس نے پھر بھی صارفین کو ’حفظ ماتقدم کے طور پر‘ پاس ورڈز تبدیل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

ٹوئٹر نے یہ نہیں بتایا کہ کتنے پاس ورڈز متاثر ہوئے ہیں۔

یہ خیال ہے کہ یہ تعداد ’اچھی خاصی‘ ہے اور وہ ’کئی ماہ سے نشانے پر تھے۔‘

اس بارے میں معلومات رکھنے والے ایک فرد نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ٹوئٹر نے اس ’بگ‘ کے بارے چند ہفتے پہلے کھوج لگایا تھا اور اس سے حوالے سے ریگولیٹرز کو مطلع کیا گیا۔

ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹیو جیک ڈورسی نے بھی اس بارے میں ٹویٹ کیا ہے۔

ٹوئٹر کے بلاگ کے مطابق یہ خرابی اس کے ’ہیشنگ‘ کے استعمال سے متعلق تھی، جو پاس ورڈز کو پوشیدہ رکھتی ہے جب صارفین اپنا پاس ورڈ لکھتے ہیں تو وہ اسے اعداد اور حروف میں تبدیل کر دیتا ہے۔

بگ کی وجہ سے پاس ورڈز ہیشنگ کا عمل مکمل ہونے سے قبل ایک اندرونی کمپیوٹر لاگ پر جمع ہوئے تھے۔

ٹوئٹر نے اپنے بلاگ پر لکھا کہ ’ہم معذرت خواہ ہیں کہ ایسا ہوا۔‘

پاس ورڈز تبدیل کرنے کے علاوہ ٹوئٹرز نے ہیکنگ سے بچنے کے لیے دوہری تصدیق کا عمل استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

ٹوئٹر کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر پراگ اگروال کا اس سے قبل کہنا تھا کہ کمپنی کو یہ معلومات فراہم کرنے کی ضرورت نہیں تھی لیکن اس کا ماننا تھا کہ ’اپنی غلطی کو ٹھیک کرنے سے پہلے ایسا کرنا ایک صحیح عمل ہے۔‘