ہڑتال پر نہیں، ہم چھٹیوں میں بھی کام کر رہے ہیں : آئی اے ایس

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-June-2018

نئی دہلی : انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) حکام کی تنظیم نے آج کہا کہ کوئی بھی افسر ہڑتال پر نہیں ہے اور ضرورت پڑنے پر افسر چھٹیوں میں بھی کام کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال گزشتہ چھ دنوں سے ا س بات پر لیفٹننٹ گورنر کے دفتر میں دھرنے پر بیٹھے ہیں کہ آئی اے ایس افسران ہڑتال پر ہیں اور اسی وجہ سے دارالحکومت میں کوئی کام کاج نہیں ہو پا رہا ہے۔

آئی اے ایس افسران کی تنظیم نے یہاں پریس کانفرنس میں ان الزامات کو سرے سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی افسر ہڑتال پر نہیں ہے۔ آئی اے ایس تنظیم کی ایک خاتون عہدیدار منیشا سکسینہ نے کہا کہ یہ کہنا کہ افسر ہڑتال پر ہیں، مکمل طور پر غلط اور بے بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام افسران میٹنگوں میں حصہ لے رہے ہیں، تمام محکموں میں کام ہو رہا ہے۔ کئی بار ہم چھٹیوں میں بھی کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی اے ایس افسر کسی پارٹی سے وابستہ نہیں ہوتے ہیں اور وہ غیر جانبدار ہوکر اپنا کام کر رہے ہیں۔ افسر قوانین کے مطابق اپنا فرض ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ کسی وزیر نے فون کیا ہو اور ان کی بات نہیں سنی گئی ہو۔ ایک اور عہدیدار ورشا جوشی نے کہا کہ افسران خوفزدہ ہیں اور انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکام کا استعمال سیاسی مفادات کی تکمیل کے لئے کیا جا رہا ہے۔