احمد پٹیل نے ممتا بنرجی سے ملاقات کی، متحدہ اپوزیشن پر زور

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-June-2018

نئی دہلی : مرکز کے خلاف دھرنے پر بیٹھے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو حمایت دینے کے لئے اتوار کے روز علاقائی پارٹیوں کے لیڈروں کی دہلی آمد پر کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل نے ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی سے ملاقات کی اور 2019 میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شکست دینے کے لئے متحدہ اپوزیشن کی اہمیت پر زور دیا۔

ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) صدر سونیا گاندھی کے سیاسی معتمد خیال کئے جانے والے مسٹر پٹیل نے راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کے لئے ہونے والے انتخاب کے تناظر میں محترمہ بنرجی سے ملاقات کی۔

پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں بی جے پی 69 ارکان کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی ہے اور اب وہ ڈپٹی چیئرمین کے عہدے پر اپنے امیدوار کی جیت کے لئے سرگرم بھی ہے۔ موجودہ ڈپٹی چیئرمین کانگریس کے پی جے كورين سبکدوش ہونے والے ہیں۔