اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں ایک نابالغ بچے سمیت دو فلسطینی ہلاک، 415 دیگر زخمی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 30-June-2018

غزہ: اسرائیلی فوج نے جمعہ کو غزہ پر مظاہرہ کررہے لوگوں پر فائرنگ کی اور آنسو گیس کے گولے داغے جس میں ایک نابالغ بچے سمیت دو فلسطینی مارے گئے اور 415دیگر زخمی ہوگئے۔غزہ کے ہیلتھ افسر نے بتایا کہ 14سالہ بچہ یاسر ابوالنزہ اور محمد اور محمد الحمائدہ (24) کی گولی لگنے سے موت ہوگئی ۔ انہوں نے بتایا کہ چار دیگرلوگوں کو بھی گولیاں لگی ہیں جن کی حالت نازک ہے۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہاکہ ہزاروں فلسطنیوں نے ’نہایت پرتشدد فساد میں حصہ لیا‘۔ فوجیوں پر گرینیڈ اور پتھر کے ساتھ ساتھ سرحدی باڑ اور جلتے ٹائروں کو پھینکا گیا۔

فوج نے ضرورت ہونے پر ہی مناسب کارروائی کی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ نابالغ لڑکے کی مبینہ طورپر ہوئی موت کی جانچ کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر قانونی کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔غزہ کے حکام کے مطابق گزشتہ 30مارچ کو شروع ہوئے ہفتہ وار احتجاجی مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج اب تک کم از کم 135لوگوں کو مار چکی ہے۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ یہ مظاہرہ اسلامی گروپ حماس کے ذریعہ منعقد کیا جاتا ہے جو غزہ پٹی کو کنٹرول کرتا ہے اور اسرائیل کے وجود کے حق کو قبول نہیں کرتا ہے۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس نے جان بوجھ کر تشدد بھڑکایا جبکہ حماس اس الزام سے صاف انکار کرتا ہے۔