امت شاہ سے ملاقات کے ایک روز بعد ہی ادھو ٹھاکرے نے کہا “سب ڈرامہ چل رہا ہے”۔

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 08-June-2018

بی جے پی کے قومی صدرامت شاہ کے لیڈروں اور الگ الگ علاقوں کے سینئر لیڈروں سے ملاقات پر شیو سینا نے طنز کیا ہے۔ شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ابھی کچھ بھی ہورہا ہے، وہ ڈرامہ ہے۔  واضح رہے کہ شیوسینا سربراہ کا یہ بیان امت شاہ سے ملاقات کے ایک دن بعد ہی آیا ہے۔ “سپورٹ فار سمرتھن” مہم کے تحت بی جے پی صدربدھ  کو ان سے ملنے ماتوشری پہنچے تھے۔

ممبئی کے پاس پال گھر میں پارٹی کارکنان کوخطاب کرتے ہوئے ٹھاکرے نے بدھ کی میٹنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اب جو کچھ بھی ہورہا ہے، وہ سب ڈرامہ ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پال گھر لوک سبھا سیٹ کے لئے حال میں ہوئے ضمنی الیکشن میں شیو سینا امیدوار بی جے پی امیدوار سے ہار گیا تھا۔ ٹھاکرے نے دعویٰ کیا کہ شکست کا سامنا کرنے والے شیو سینا امیدوار شری نواس وانگا نے بی جے پی کو خوفزدہ کردیا۔

بی جے پی ذرائع نے کل امت شاہ اور ادھو ٹھاکرے کی میٹنگ کو مثبت بتایا تھا اور دعوی کیا تھا کہ دونوں اتحادی جماعتوں کے درمیان تناو کم ہوا ہے، لیکن آج شیو سینا لیڈر سنجے راوت نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس بات چیت سے دونوں پارٹیوں کے درمیان اگلے لوک سھا الیکشن میں اتحاد بنانے میں مدد ملے گی۔

بدھ کو امت شاہ نے شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے سے ماتوشری جاکر ملاقات کی۔ بتایا جارہا ہے کہ تقریباً 40 منٹ تک چلی اس میٹنگ کے دوران مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس باہر ہی بیٹھے رہے۔

واضح رہے کہ پال گھر لوک سبھا ضمنی الیکشن کے بعد سے ہی ادھو ٹھاکرے اور دیویندر فڑنویس کے درمیان دوریاں ہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹھاکرے نے وزیراعلیٰ سے کہا کہ وہ دونوں کی ملاقات سے باہررہیں۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق جب امت شاہ اور ٹھاکرے کی میٹنگ گھر کے دوسرے فلور پر چل رہی تھی، اسی وقت وزیراعلیٰ فڑنویس گھر کے گراونڈ فلور پر تھے۔