امریکہ شمالی کوریا چوٹی ملاقات :نیوکلیائی تحدید اسلحہ مذاکرات کا محور،امریکہ شمالی کوریا کی سلامتی کاضامن

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-June-2018

سنگاپور: صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی رہنما کم جانگ ان کے درمیان آج کی تاریخی ملاقات اور بات چیت ایک مشترکہ اعلامیہ کے ساتھ تکمیل کو پہنچی۔

دستخط شدہ مشترکہ اعلامیہ میں مسٹر کم کی طرف سے یہ عہد بھی شامل ہے کہ کوریائی جزیرہ کو نیوکلیائی ہتھیاروں سے پاک کردیا جائے گا۔

مسٹر ٹرمپ نے بعدازاں کہا کہ امریکہ اپنی وہ فوجی مشق معطل کردے گا جو شمالی کوریا کے لئے موجب اشتعال ہے ۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ ایک رعایت ہے۔

یہ پہلا تاریخی موقع ہے جب کسی امریکی صدر اور شمالی کوریائی رہنما نے اقتدار میں رہتے ہوئے ایک دوسرے سے ملاقات کی اور ایک ساتھ بیٹھ کر بات چیت کی۔

امریکہ اور شمالی کوریا کے حکومتی ذمہ داران نے مصافحہ کرنے کے بعد بات چیت کی اور ظہرانے میں بھی ساتھ رہے جس میں ان کے مشیروں نے بھی حصہ لیا۔

آج کی یہ ملاقات دونوں رہنماؤں کی سوچ میں تبدیلی کی غماز رہی کیونکہ ابھی پچھلے سال ہی دونوں ایک دوسرے سے اشتعال انگیز دھمکیاں دیتے نظر آئے تھے۔ آج کی ملاقات کا محور نیوکلیائی تحدید اسلحہ اور کشیدگی میں کمی لانا تھا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک ایک نئے تعلقات کے رخ پر آگے بڑھیں گے اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔ امریکہ شمالی کوریا کی سلامتی کا ضامن بنے گا۔