رنبیر کپور کبھی بھی سنجے دت نہیں بن سکتے، ارشد وارثی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-June-2018

سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم’سنجو‘ابھی ریلیز بھی نہیں ہوئی اور ہر طرف اسی فلم کے چرچے جاری ہیں، کوئی فلم میں رنبیر کپور کی اداکاری کی تعریف کررہاہے تو کسی کو رنبیر کو سنجے دت کا کردارادا کرنے پر اعتراض ہے۔ حال ہی میں فلم’منا بھائی ایم بی بی ایس‘میں سنجے دت کے ساتھی اداکار ارشد وارثی(سرکٹ)نے کہا ہے کہ فلم’سنجو‘میں اداکار رنبیر کپور اچھے لگ رہے ہیں لیکن کسی اور کی طرح بولنا، کسی اورکی طرح بننا ایک الگ بات ہے۔ سنجے دت تو سنجے دت ہیں، آپ چاہیں کچھ بھی کرلیں ان کی طرح نہیں بن سکتے۔ فلم انڈسٹری میں صرف ایک ہی سنجے دت ہے اور مجھے لگتا ہے کوئی دوسرا ان کے جیسا ہوبھی نہیں سکتا۔

ارشد وارثی سے قبل اداکار سلمان خان بھی رنبیر کپور کے سنجے دت بننے پر اعتراض کرچکے ہیں۔ ایک تقریب کے دوران جب ان سے فلم ’سنجو‘کے متعلق سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں ایک بات سمجھ نہیں آئی کہ فلم میں سنجے دت کا کردار کسی اور نے کیوں کیا، فلم میں انہیں خود ہی کام کرنا چاہئیےتھا کیونکہ کوئی دوسرا ان کے کردار سے انصاف نہیں کرسکتا۔

واضح رہے کہ فلم میں رنبیر کپور سنجے دت کا مرکزی کردار اداکررہے ہیں جب کہ دیگر کاسٹ میں اداکارہ منیشا کوئرالہ، پاریش راول، دیا مرزا، انوشکا شرما اور سونم کپور شامل ہیں۔ راجکمار ہیرانی کی زیر ہدایت بننے والی فلم’سنجو‘رواں ماہ 29 جون کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔