سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کو ایمس میں بھرتی کرایا گیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-June-2018

سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کو دلی کے مشہور آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں بھرتی کرایا گیا ہے۔ گزشتہ ایک طویل عرصے سے بیمار چل رہے واجپئی کو معمول کے چیک اپ کے لئے ایمس لے جایا گیا تھا جہاں انہیں ڈاکٹروں کے مشورہ پر بھرتی کر لیا گیا۔ واجپئی کو ایمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رندیپ گلیریا کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

بتا دیں کہ اٹل بہاری واجپئی پچھلے ایک طویل عرصے سے ڈمنشیا سے جوجھ رہے ہیں۔  بی جے پی کے بانی ارکان میں شامل واجپئی تین بار ملک کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ وہ پہلے ایسے غیر کانگریسی وزیراعظم ہیں جنہوں نے اپنی مدت کار پوری کی۔ کچھ عرصہ پہلے ہی ہندوستان کی حکومت نے انہیں ملک کے اعلی ترین شہری اعزاز بھارت رتن سے نوازا تھا۔

اٹل بہاری واجپئی کی پیدائش 25 دسمبر 1924 کو مدھیہ پردیش کے گوالیار میں ہوئی تھی۔  تھے۔ ان کے والد کرشن بہاری باجپئی ایک استاد تھے۔ ان کی ماں کرشنا تھیں۔ ویسے تو بنیادی طور پر ان کا تعلق آگرہ  ضلع کے بٹیشور گاؤں سے ہے، لیکن ان کے والد مدھیہ پردیش میں استاد تھے۔  اس لیے ان کی پیدائش وہیں ہوئی۔ حالانکہ، ان کا زیادہ لگاو اتر پردیش کی سیاست سے رہا ہے۔ وہ لکھنؤ سے رکن پارلیمنٹ رہے تھے۔