سعودی عرب میں ڈرائیونگ لائسنس پانے والی پہلی خاتون بنی تاریخی لمحہ کی گواہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 05-june-2018

سعودی عرب میں خواتین کو کار چلانے کی اجازت ملنے کے بعد پہلی خاتون کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کر دیا گیا ہے۔ سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے گزشتہ سال ایک حکم جاری کیا تھا، جس کے مطابق خواتین کو ڈرائیونگ کا حق دیا گیا تھا۔ سعودی شاہ کے اس حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے سعودی ٹریفک پولیس محکمہ نے گزشتہ روز پہلی خاتون کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کر دیا ہے۔

سعودی عرب میں خواتین 24 جون 2018 سے کا ر ڈرائیو کرسکیں گی۔ واضح رہے کہ سعودی عرب واحد ایسا ملک ہے جہاں خواتین کو گاڑی چلانے پر پابندی تھی۔ حالانکہ اب یہاں بھی پابندی ختم ہوگئی ہے اور اب جلد ہی خواتین بھی گاڑیاں چلاتی ہوئی نظرآئیں گی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق، محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر جنرل محمد آل بسامی نے 8 مئی کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ’’ خواتین کے کاریں چلانے کے لیے درکار تمام تقاضوں کو پورا کرلیا گیا ہے اور 18 سال یا اس سے زائد عمر کی خواتین ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے متعلقہ دفاتر میں درخواستیں دے سکتی ہیں‘‘۔