عالمی یوم القدس پراسرائیلی فوج کی کارروائی میں 4 فلسطینیوں کی موت، 600 زخمی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-June-2018

غزہ۔ اسرائیلی فوجیوں کی مظاہرہ کرنے والوں پر بے دریغ فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس میں لوگ شہید بھی ہوئے ہیں اور کثیر تعداد میں زخمی بھی۔عالمی یوم القدس پر اسرائیلی فوج نے وحشیانہ کارروائی کرتے ہوئے غزہ کی سرحد پر جمع مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کر کے 4 فلسطینی نوجوانوں کو شہید اور 600 سے زائد کو زخمی کردیا۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق حق واپسی تحریک کے تحت 30 مارچ سے شروع ہونے والے ہفت وار گرینڈ مارچ کا سلسلہ جمعہ کے روز بھی برقرار رہا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ خواتین اور کم عمر لڑکے بھی شامل تھے۔ مظاہرین نے غزہ کی سرحد پر ٹائروں کو نذر آتش کیا اور اسرائیلی فوج پر پتھراؤ کیا جبکہ صہیونی فوج نے سختی کے موقف کو برقرار رکھتے ہوئے نہتے فلسطینیوں پر براہ راست گولیاں چلائیں۔

اسرائیلی نشانہ باز اہل کاروں نے نوجوانوں کو نشانہ بناتے ہوئے 4 فلسطینیوں کو شہید جبکہ درجنوں کو زخمی کردیا۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ صبح سے جاری احتجاج کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ سے 600 سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں خواتین اور کم عمر لڑکے بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے فائرکیا گیا آنسو گیس کا ایک شیل فلسطینی نوجوان کے منہ میں گیا جس سے وہ بری طرح زخمی ہوگیا اور اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ 30 مارچ سے جاری احتجاجی تحریک میں صیہونی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 125 سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔