عام آدمی پارٹی کے دھرنے پر کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں منقسم

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 17-June-2018

نئی دہلی، : لوک سبھا انتخابات سے پہلے اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے میں مصروف کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں گورنر ہاؤس پر دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے دھرنا دینے کے معاملے پر منقسم نظر آ رہیں ہیں۔

کانگریس نے جہاں ‘دھرنا کی سیاست’ کے لئے عام آدمی پارٹی ( اے اے پی) اور مسٹر کیجریوال کی نکتہ چینی کی ہے، وہیں متعدد اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران کھل کر دہلی کے وزیر اعلی کی حمایت میں آ گئے ہیں۔ کانگریس نے مسٹر کیجریوال پر الزام لگایا ہے کہ وہ دھرنے پر بیٹھ کر اپنی ناکامی کو چھپانا چاہتے ہیں،جبکہ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی، مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے لیڈر سیتا رام یچوری، تیلگو دیشم پارٹی کے سربراہ این چندرا بابو نائیڈو اور کرناٹک کے وزیر اعلی ایچ ڈی كمارسوامي نے مودی حکومت کے خلاف دہلی کے وزیر اعلی کی لڑائی میں حمایت کی وکالت کی ہے۔

محترمہ بنرجی، مسٹر نائیڈو، مسٹر كمارسوامي اور کیرالہ کے وزیر اعلی پی وجين نے سنیچر کی رات مسٹر کیجریوال کی رہائش گاہ پر جاکر ان کے دھرنے کی حمایت کا اعلان کیا۔ ان چاروں رہنماؤں نے پہلے مسٹر كیجریوال سے دھرنا کے مقام پر ہی ملنے کی کوشش کی تھی لیکن انہیں اس کی اجازت نہیں دی گئی۔ محترمہ بنرجی نے اس سے پہلے کہا تھا کہ مسٹر کیجریوال کو مناسب احترام ملنا چاہئے۔ انہوں نے مودی حکومت سے درخواست کی ہے کہ اس مسئلے کو جلد سے جلد حل کیا جانا چاہئے تاکہ عام لوگوں کو پریشانی نہ ہو۔