عید پورے ملک میں جوش و خروش اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 17-June-2018

نئی دہلی، 16 : رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام کے ساتھ روایتی اور بھائی چارے کی علامت عیدالفطر پورے ملک جو ش و خروش کے ماحول میں منائی گئی۔

ملک بھر میں آج عید الفطر روایتی جوش وخروش کے ساتھ منائی گئی۔ دہلی، ممبئی، کلکتہ، لکھنو، پٹنہ حیدرآباد سمیت کئی رایستوں کے شہروں اور قصبات میں نمازعید کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے، جن میں ملک و ملت اسلامیہ ہند کی فلاح و بہبود اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔

مسلمانوں نے مل جل کر نماز ادا کرتے ہوئے اخوت اور رواداری کے پیام عید کو عملی طور پر پیش کیا۔ قومی دارالحکومت دہلی میں جامع مسجد، فتح پوری مسجد ، جامعہ ملیہ اسلامیہ مسجد کے علاوہ سلیم پور ، جعفرآباد ، سیماپوری اور مصطفے آباد کے ساتھ دیگر کئی علاقوں میں عیدگاہوں اور مساجد میں کثیر تعداد میں مسلمان جمع تھے۔ نماز کے بعد سب نے ایک دوسرے کو مبارکباددی ۔ اس موقع پر دہلی پولیس نے سکیورٹی کے وسیع انتظامات کئے تھے۔

قبل ازیں جمعہ کی شام چاند نکلنے کے ساتھ روزتے داروں کے چہرے کھل گئے اور لوگوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر اور ایک دوسرے کو مبارکباد دیکر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ دیگر فرقے لوگوں نے بھی اپنے مسلم بھائیوں کو عید کی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی۔