مدھیہ پردیش : ہماری حکومت بنی تو 10دنوں میں کسانوں کا قرض کریں گے معاف ، راہل گاندھی کا وعدہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 06-june-2018

مندسور : مدھیہ پردیش کے مندسور میں کسانوں پر پولیس فائرنگ کی پہلی برسی کے موقع پر کانگریس کی طرف سے منعقدہ کسان سمردھی ریلی میں راہل گاندھی نے بی جے پی حکومت پر جم کر نشانہ سادھا ۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے مدھیہ پردیش میں کانگریس کی حکومت بننے پر 10 دنوں کے اندار کسانوں کے قرض معاف کرنے کا بھی وعدہ کیا ۔ راہل گاندھی نے پولیس فائرنگ میں مارے گئے لوگوں کو خراج عقیدت پیش کیااور متاثرین سے ملاقات کی ۔

راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے کسانوں کو دھوکہ دیا ہے۔ کسانوں سے جھوٹ بولا گیا ، مگر سب سے بڑا دھوکہ ملک کے نوجوانوں کے ساتھ کیا گیا ۔ کوئی کہہ سکتا ہے کہ مودی جی نے کسی کو روزگار دیا ، آج جس طرف بھی دیکھیں میڈ ان چین سامان ملتا ہے ۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ نریندر مودی ہوں یا شیوراج سنگھ چوہان ، وہ کسانوں کی بات نہیں سنتے ، میں آپ سے من کی بات نہیں کروں گا ، آپ کے من کی بات سنوں گا ، ہم آپ کے من کی سرکار بنائیں گے۔

خیال رہے کہ ریاستی کانگریس کے صدر کمل ناتھ کے کمان سنبھالنے کے بعد راہل گاندھی کی مدھیہ پردیش میں یہ پہلی ریلی ہے ۔ ریاست میں اس سال کے اواخر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں ۔ کانگریس 2003 سے یعنی 15 برسوں سے اقتدار سے باہر ہے ۔ کانگریس مسٹر کمل ناتھ کی قیادت میں اس بار انتخابی میدان میں سامنے آئی ہے جبکہ بی جے پی وزیر اعلی شیو راج سنگھ چوہان کی قیادت میں اس بار پھر اسمبلی انتخاب میں پارٹی کا پرچم لہرانے میں کسی قسم کی کمی نہیں کر رہی ہے ۔

ایک سال پہلے ریاست میں خاص طور سے مغربی حصہ میں کسانوں کی تحریک کے دوران پرتشدد افرادپر قابو پانے کے لئے پولیس نے فائرنگ کی تھی ۔ جس میں 6 لوگوں کی موت ہو گئی تھی ۔ آج اس کی پہلی برسی ہے ۔ اس کے بعد ریاست کے کچھ دیگر حصے میں پرتشدد واقعات رونما ہوئے تھے ۔ وہیں ریاست میں گاؤں بند تحریک کے چھٹے دن بھی پوری طرح سکون کا ماحول ہے اور اس کا کوئی خاص اثر دکھائی نہیں دے رہا ہے ۔ سبزیاں ، پھل اور دودھ کی سپلائی پر کسی طرح کی مخالفت کا اثر نظر نہیں آرہا ہے ۔