ناگپور میں کانگریس لیڈروں نے پرنب مکھرجی سے بنائی دور ی ، احمد پٹیل نے کہا : ان سے ایسی امید نہیں تھی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-june-2018

نئی دہلی : سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی آج ناگپور میں آر ایس ایس کے ایک پروگرام میں شریک ہوں گے ۔ کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل نے پرنب مکھرجی کے آر ایس ایس کے پروگرام میں جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ احمد پٹیل نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ سابق صدر جمہوریہ سے ایسی امید نہیں تھی ۔

قبل ازیں پرنب مکھرجی کی بیٹی شرمشٹھا مکھرجی نے بھی ٹویٹ کرکے اپنے والد سے آر ایس ایس پروگرام میں نہ جانے کی اپیل کی تھی ۔ شرمشٹھا مکھرجی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ تقریر تو بھلادی جائے گی ، لیکن تصویریں ہمیشہ رہیں گی اور ان کو نقلی بیانوں کے ساتھ شائع کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے والد کو اس پروگرام کے مستقبل کے نتائج کو لے کر بھی خبردار کیا تھا ۔

ادھر کانگریس کے مقامی لیڈران آر ایس ایس کے پروگرام میں پرنب مکھرجی کے شریک ہونے کو لے کر پس و پیش میں ہیں ۔ مہاراشٹر اسمبلی میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر وجے وڈیٹیوار اس پورے معاملہ کو آر ایس ایس کی سازش بتا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات میں گھری مودی اور امت شاہ کی جوڑی کی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے یہ سب کیا جارہا ہے۔

قبل ازیں سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی جب بدھ کی شام ناگپور پہنچے تو وہاں ایئر پورٹ پر ان کے استقبال کیلئے آر ایس ایس کے جوائنٹ جنرل سکریٹری سمیت کئی سینئر لیڈران موجود تھے اور وہ انہیں وہاں سے راج بھون لے گئے ۔ حالانکہ قابل غور بات یہ ہے کہ کانگریس کا کوئی بھی لیڈر ان سے ملنے راج بھون نہیں گیا۔