ووٹرفہرست کی نظرثانی کے کام میں لاپرواہی برتنے پر دو بی ایل او معطل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 08-June-2018

شیوپوري: مدھیہ پردیش کے شیوپوري میں ووٹر فہرستوں کی نظرثانی کے کام میں لاپرواہی برتنے اور اپنی ڈیوٹی میں بے حسی برتنے کے الزام میں دو بی ایل او کو معطل کر دیا گیا ہے۔  ضلع الیکشن آفس کے مطابق ضلع کلکٹر شلپا گپتا نے کل پون یادو اور بلبیر لودھی کو معطل کر دیا، جبکہ كولارس علاقائی ترقیاتی تعلیمی افسر اے کے اٹاريہ کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔ وزیر کھیل يشودھرا راجے سندھیا کے اسمبلی حلقہ پچھور کے دیہی علاقوں کے دورہ کے دوران بدھ کو ان کے پروگرام کے تعلق سے لاپرواہی برتنے پر بچھور کے جونیئر افسر اوپیندر سنگھ اور بی آر سی وی ڈی اوجھا کو بھی معطل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ وزیر کے پروگرام کے دوران مقامی باشندوں کی طرف سے بجلی سے متعلق اور ضلع پنچایت سے متعلق اور خوراک کی فراہمی سے متعلق شکایات کی گئیں، جس کے بعد کلکٹر محترمہ گپتا نے بجلی کی تقسیم کی کمپنی کے اہلکار وشو بھوشن اپادھیائے، ڈسٹرکٹ پنچایت کے چیف ایگزیکٹو افسر کے کے شرما اور ضلع خوراک افسر نارائن شرما کو وجہ بتاو نوٹس جاری کیا ہے۔

دیہی علاقوں کے دورہ کے دوران گزشتہ بدھ کو محترمہ سندھیا کو مقامی باشندوں کی طرف سے مختلف محکموں سے متعلق شکایات کی گئی تھیں جسے انہوں نے سنجیدگی سے لیا تھا اور ان کے ساتھ کلکٹر شلپا گپتا نے بھی ان شکایات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری طور پر کارروائی کی ہے۔