کرن جوہر کی ایک بار پھر شاہ رخ کیساتھ کام کرنے کی خواہش

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-June-2018

بالی ووڈ کے نامور ہدایتکارکرن جوہر اور اداکار شاہ رخ خان کی دوستی پوری فلم نگری میں مشہور ہے، ماضی میں بھی کرن جوہر اور شاہ رخ خان نے ایک ساتھ کئی فلمیں بنائیں جن میں زیادہ تر بلاک بسٹر ثابت ہوئی ہیں تاہم ان کو ساتھ فلم کیے کافی وقت بیت چکا جب کہ آخری بار شاہ رخ خان بطور مہمان اداکار کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں دکھائی دیے تاہم اب کرن جوہر نے ایک بار پھر شاہ رخ کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف ہدایتکار کرن جوہر نے شاہ رخ خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں شاہ رخ کے ساتھ کام کرنے کے لئے مزید انتظار نہیں کر سکتا جب کہ اس سے قبل ہم دونوں مشترکہ طور پر دو فلمیں ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر اور ڈیئر زندگی‘ پروڈیوز کر چکے ہیں لیکن اس کے باوجود میں اس طویل انتظار کا حامی نہیں۔

کرن جوہر نے مزید کہا کہ ’مجھے پتہ ہے میں اور شاہ رخ جب بھی مل کر کچھ نیا کرتے ہیں وہ غیر معمولی اور حیرت انگیز ہو جاتا ہے جب کہ شاہ رخ انڈسٹری کے وہ واحد شخص ہیں جن کے ساتھ میرا سب سے زیادہ تجربہ رہا ہے اس لئے وہ ایک بار پھر مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان اور کرن جوہر نے ماضی میں بالی ووڈ کو’کچھ کچھ ہوتا ہے‘،’کبھی خوشی کبھی غم ‘ اور’کبھی الوداع نہ کہنا ‘جیسی بلاک بسٹر فلمیں دی ہیں جب کہ انہوں نے آخری بار2010 میں فلم ’’مائی نیم ازخان ‘‘میں ایک ساتھ کام کیاتھا۔