کپواڑہ کے کیرن سیکٹر میں مسلح تصادم شروع، جنگجوؤں کے حملے میں 2 فوجی اہلکار زخمی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-June-2018

سری نگر ، 7 جون : شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں لائن آف کنٹرل (ایل او سی) کے کیرن سیکٹر میں جمعرات کی صبح جنگجوؤں کا سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم شروع ہوا جس میں دو فوجی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے مسلح تصادم شروع ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے یو این آئی کو بتایا ’جنگجوؤں نے کیرن سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے نذدیک فوجی کی ایک گشتی پارٹی پر حملہ کردیا‘۔

انہوں نے بتایا ’حملے میں دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے جن کو علاج ومعالجہ کے لئے فوجی اسپتال درگمولہ منتقل کیا گیا ہے۔ راجیش کالیا نے بتایا جنگجوؤں کے حملے کے بعد طرفین کے مابین مسلح تصادم شروع ہوا جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا۔ انہوں نے بتایا ’جنگجوؤں کو فرار ہونے سے روکنے کے لئے وہاں سیکورٹی فورسز کی مزید نفری بھیجی گئی ہے‘۔ جنگجوؤں اور فوج کے درمیان یہ مسلح تصادم وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے کپواڑہ پہنچنے سے محض ایک گھنٹہ قبل شروع ہوا ہے۔ دو روزہ دورے پر آنے والے مسٹر راجناتھ ڈاک بنگلہ کپواڑہ میں کچھ عوامی وفود سے ملنے والے ہیں۔ فوج نے 6 جون کو کیرن سے ملحقہ مژھل سیکٹر میں دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنانے کے دوران تین بھاری مسلح جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ۔

اس سے قبل دراندازی کی کوشش کرتے ہوئے 25 مئی کو کپواڑہ کے ٹنگڈار سیکٹر میں پانچ جنگجوؤں جبکہ 3 جون کو کیرن سیکٹر میں ایک جنگجو کو ہلاک کیا گیا۔ فوج کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق شمالی کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے دوسری طرف پاکستان زیر قبضہ کشمیر میں جنگجوؤں کے کئی گروپ سرحد کے اس پار دراندازی کرنے کے انتظار میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ شکتی وجے بریگیڈ ٹنگڈار کے بریگیڈیئر پی کے مشرا نے یہ بات 27 مئی کو ٹنگڈار سیکٹرمیں ناکام بنائی گئی دراندازی کی کوشش کے بارے میں میڈیا کو بریف کرتے ہوئے کہی تھی۔ انہوں نے کہا تھا ’ہماری اطلاعات کے مطابق سرحد کے دوسری طرف کئی لانچنگ پیڈس موجود ہیں۔

انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق کئی ایک گروپ سرحد کے اس پار دراندازی کرنے کا انتظار کررہے ہیں‘۔ انہوں نے کہا تھا کہ ایل او سی پر تعینات فوجی اہلکار دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا تھا ’ہم چوکنا ہیں۔ ہم دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بناسکتے ہیں۔