اومیتی کے ہیڈر کی بدولت فرانس فٹبال ٹورنامینٹ کے خطابی مقابلے میں داخل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-July-2018

سینٹ پیٹرس برگ : ڈیفینڈر سیموئل اومیتی کے 51 ویں منٹ میں ہیڈر سے کئے گئے شاندار گول کی بدولت فرانس نے بیلجیئم کو ایک صفر سے ہراتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامینٹ کے خطابی مقابلےمیں جگہ بنالی۔

اومیتی اس سیمی فائنل کے مین آف دی میچ رہے۔ فائنل میں فرانس کامقابلہ انگلینڈ اور کروشیا کے مابین دوسرے سیمی فائنل کے فاتح سے ہوگا جبکہ بیلجیئم کی ٹیم تیسرے مقام کے لئے کھیلے گی۔

عالمی کپ میں چھ مرتبہ سیمی فائنل کھیلنے والے فرانس کا یہ تیسرا فائنل ہے ۔اس سے پہلے وہ 1998 اور 2006 میں فائنل میں پہنچا تھا اور 1998 میں وہ فاتح بنا تھا۔ورلڈ کپ کی تاریخ میں فرانس ایسی چھٹی ٹیم بن گیا ہے جس نے تین بار فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ جرمنی (8)، برازیل (6)، اٹلی (6)، ارجنٹینا (5) اور ہالینڈ تین مرتبہ فائنل میں پہنچے ہیں۔

دھڑکنوں کو تیز کرنے والے عالمی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں فرانس کو اگرچہ ایک گول سے جیت ملی لیکن 1998 میں اپنی میزبانی میں چیمپیئن رہنے والی فرانس کی ٹیم بیلجئیم سے بہتر ثابت ہوئی۔بیلجئیم نے موقع ضرور بنائے لیکن گول کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ۔

پہلے ہاف میں کوئی گول نہیں ہوسکا ۔میچ کے 51 ویں منٹ میں اینٹوين گریجمین کے شاندار کارنر پر ڈیفینڈر اومیتی نے ہوا میں اچھلتے ہوئے جو ہیڈر لگایا وہ گول کیپر تبوت كورٹيس کو چھكاتے ہوئے گول میں سما گیا۔ فرانس نے اس ایک گول کی برتری کو آخر تک بچائے رکھا اور 2006 کے بعد پہلی مرتبہ فائنل میں مقام بنا لیا۔