تلنگانہ بھر میں گزشتہ دو دنوں کے دورا ن ہوئی بارش کے سبب کئی تالاب،کنٹے اور کئی پروجیکٹس لبریز

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-July-2018

حیدرآباد 9جولائی ( یواین آئی)تلنگانہ بھر میں گزشتہ دو دنوں کے دورا ن ہوئی بارش کے سبب کئی تالاب،کنٹے اور کئی پروجیکٹس لبریز ہوگئے۔بالائی علاقوں میں ہوئی شدید بارش کے سب دریائے گوداوری کی سطح میں اضافہ ہوگیا ہے۔دو دن سے ہورہی بارش کے سبب متحدہ عادل آباد ضلع میں عام زندگی مفلوج ہوگئی۔شدید بارش کے سبب کئی تالاب لبریز ہوگئے۔ضلع کے گادی گوڑہ کے قریب لگائے گئے عارضی پُل پر پانی آجانے کے سبب آمد ورفت متاثر ہوئی۔عادل آباد اندراپریہ درشنی میدان میں شدید بارش کے سبب محکمہ جنگلات کی جانب سے کی گئی خواتین فاریسٹ بیٹ افسرکی 15کیلومیٹر کی واک کا اہتمام کیاگیا۔منچریال ضلع کے مندا مری میں کوئلہ کے کان میں پانی کے آجانے کے سبب کوئلہ کونکالنے کا کام متاثر ہوا۔کوٹا پلی منڈل کے اجوناگٹہ کے حدود میں دریائے پرانہیتا کی سطح میں اضافہ ہوگیا اور نچلے علاقوں میں پانی داخل ہوگیا۔کالیشوروم پروجیکٹ سمیت چنور منڈل کے سندراسالہ میں زیر تعمیر انارم پروجیکٹ میں بارش کا پانی داخل ہوگیاجس سے اس کے تعمیری کام روک دینے پڑے ۔بوتھ منڈل کے پوچارا،کنٹہ کی آبی سطح بھی بڑھ گئی۔عوام کو گھر گھر پینے کے پانی کی سپلائی کے لئے شروع کردہ مشن بھاگیرتا کے لئے کھودے گئے گڑھوں میں پانی جمع ہوگیاجس سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔بارش کے سبب منچریال اور کومرم بھیم آصف آباد اضلاع میں بعض علاقوں کا رابطہ ایک دوسرے سے ٹوٹ گیا۔ آبی سطح میں اضافہ کے سبب اندن پلی گاوں میں عارضی پُل ٹوٹ کر بہہ گیا اورمنچریال۔نرمل ۔اوٹنور کی سڑکوں پر ٹریفک متاثر رہی۔گاڑیوں کو دھرماپوری،کلامانداگو،پانڈوا پوراوردستورباد مواضعات سے جانے کیلئے مجبور ہونا پڑا۔